کویت سٹی: ایشیا کی اقتصادی طاقتیں، جن میں تیل پیدا کرنے والے اور تیل استعمال کرنے والے دونوں قسم کے ممالک شامل ہیں، پیر کو کویت میں مل رہے ہیں تاکہ اپنے آپ کو عالمی بحران سے بچانے کے طریقے تلاش کر سکیں۔
کویت کے انڈر سیکرٹری برائے خارجہ خالد ال جرالح نے کہا کہ 2002 میں قائم ہونےو الی ایشیائی تعاون تنظیم (اے سی ڈی) کے 31 ممالک کے وزائے خارجہ دو روز طویل اجلاس میں شرکت کریں گے جس کا مقصد تنظیم کو فعال بنانا ہے۔
“خوش قسمتی سے ایشیائی ممالک عالمی طور پر جاری حکومتی قرضوں کے بحران کے اثرات سے خاصی حد تک بچ گئے ہیں۔ ہم بات چیت کریں گے کہ ان بحرانوں کے خلاف ہم اپنے ممالک کو کیسے محفوظ کر سکتے ہیں،” جرالح نے ایک ابتدائی میٹنگ کے بعد رپورٹروں کو بتایا۔
چین، جاپان، انڈیا اور جنوبی کوریا جیسی اقتصادی طاقتوں کے وزرا دنیا کے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک سعودی عرب، کویت، متحدہ عرب امارات، قطر کے ساتھ ساتھ ایران اور روس کے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔
پروگرام کے منتظمین کے مطابق وہ “مالیاتی بحران اور ایشیا پر اس کے اثرات اور اس کا مقابلہ کرنے کے طریقہ کار”، اور “سرمایہ کاری کے مواقع” بشمول ٹیکنالوجی اور ٹرانسپورٹ پرغور کریں گے۔
جرالح نے کہا کہ اجلاس، جس کا افتتاح کویت کے امیر کریں گے، میں توانائی کی فراہم کے معاملات کے ساتھ ساتھ تنظیم کومختلف منصوبوں پر عمل کرنے کی صلاحیت دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔