حفاظتی حصار میں نئے شگاف کے بعد سونی نے 93000 ہزار کھاتے معطل کر دئیے

ٹوکیو: سونی نے بدھ کو کہا کہ اس نے غیر منظور شدہ داخلے کی کوششوں کے بعد اپنے آنلائن تفریحی نیٹ ورکس کے 93000 کھاتے معطل کر دئیے ہیں، یہ اقدام اس سے پہلے حفاظتی حصار ٹوٹنے اور کچھ خدمات معطل ہونے کے چند ہی ماہ بعد اٹھایا گیا ہے۔

یہ حملہ 7 سے 10 اکتوبر کے مابین کیا گیا اور پلے اسٹیشن نیٹ ورک، سونی اینٹرٹینمنٹ نیٹ ورک اور سونی آنلائن اینٹرٹینمنٹ سروسز پر ترانوے ہزار کھاتوں کے اسمائے صارف اور پاسورڈ میچ کرنے میں کامیاب رہا۔

سونی نے کہا کہ ہیکنگ کے اس واقعے کے نیتجے میں متعلقہ کھاتوں کی کریڈٹ کارڈ تفاصیل چوری نہیں کی جا سکیں۔

تفریحی خدمات کے دیو، سونی نے عارضی طور پر کھاتوں کو مقفل کر دیا ہے اور کہا کہ وہ رسائی کی کوششوں کی حد جاننے کے لیے تفتیش کر رہا ہے۔

اس نے کہا کہ وہ متاثرہ کھاتے داروں کو مطلع کرے گا تاکہ انہیں اپنے پاسورڈ بدلنے کا مشورہ دے سکے۔

سونی کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہیکنگ کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران، 93,000 کھاتوں کی “ایک تھوڑی سی تعداد” تک رسائی حاصل کی گئی اور ان کی تفصیلات جیسے نام، جنم دن، اور گیمنگ اعزازات وغیرہ دیکھ لیے جانے کا امکان ہے۔

تاہم ترجمان سین یونیدا نے کہا کہ تازہ ترین واقعہ اپریل میں ڈیٹا چوری ہونے والے واقعے کے درجے کا نہیں تھا، جس میں ایک ارب سے زیادہ کھاتوں کی تفاصیل چوری ہو گئیں اور اسے اپنے پلے اسٹیشن نیٹ ورک اور کریوسٹی سروس کو بند کرنا پڑا۔

اس وقت سونی نے کہا تھا کہ وہ اس بات کے امکان کو نظر انداز نہیں کر سکتا کہ اِنہیں صارفین کے کریڈٹ کارڈ نمبر بھی چوری ہو چکے ہیں۔

“اس بار ہمارے سرورز سے کچھ بھی یقیناً یا ممکنہ طور پر نہیں لیا گیا،” یونیدا نے کہا۔

تازہ ترین حملے میں سونی کی سروسز پر اسمائےصارف اور پاسورڈز کی بڑی تعداد دیکھی گئی جن میں سے ترانوے ہزار کے میچ کی تصدیق ہوئی۔

یونیدا کے مطابق یہ معلومات دوسری کمپنیوں، ویب سائٹوں یا فشنگ جیسے طریقوں سے حاصل کی گئیں تھیں۔ “ہم اسے بطور حقیقت جانتے ہیں کہ معلومات ہمارے ڈیٹا سرورز سے حاصل نہیں کی گئیں تھیں،” انہوں نے کہا۔
سونی نے ایک بیان میں کہا کہ تینوں نیٹ ورکس پر “ایک فیصد کے دسویں حصے جتنے” صارفین شاید متاثر ہوئے ہوں۔

تفریحی خدمات کا دیو سونی اپریل میں سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہونے کے بعد سے صارفین کا اعتماد بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، جب اس پر تنقید کی گئی تھی کہ اس نے پلے اسٹیشن نیٹ ورک میں نقب لگنے کے ایک ہفتے بعد تک اس اطلاع کو عام نہیں کیا تھا۔

اس کے بعد سونی کو یونان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ویب سائٹوں پر حملے برداشت کرنا پڑے۔

ایک الگ واقعے میں، ہیکرز کے ایک گروپ لُولز سیکیورٹی نے جون میں کہا کہ انہوں نے سونی پکچرز ڈاٹ کوم سے دس لاکھ سے زائد پاس ورڈ، ای میل پتے اور دوسری تفصیلات حاصل کر لی تھیں۔

پلے اسٹیشن بنانے والی اس کمپنی نے اپنے متعلقہ نیٹ ورکس اور کیوروسٹی سروسز کو جولائی میں مکمل طور پر پوری دنیا میں بحال کیا اور وعدہ کیا کہ وہ مجموعی حفاظتی اقدامات میں بہتری لائے گا۔

پلے اسٹیشن کا نیٹ ورک 2006 میں جاری کیا گیا جو گیمرز کو انٹرنیٹ کے ذریعے آنلائن مقابلہ کرنے، فلموں کی سٹریمنگ اور دوسری سروسز تک رسائی فراہم کرتا ہے۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ایسے حملے سونی کے برانڈ کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچانے اور اس کے گیجٹس کو گیمز، فلموں اور موسیقی کے آنلائن “کلاؤڈ بیسڈ” نیٹ ورکس، جو سیکورٹی کے معاملے میں صارفین کے اعتماد پر تکیہ کرتے ہیں، سے منسلک کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں۔

اس سال کے حملوں نے سونی کو سیکیورٹی اپگریڈ کرنے اور صارفین کو زرتلافی مہیا کرنے کی صورت میں مالی دھچکا پہنچایا ہے جبکہ وہ پہلے ہی جاپان کے 11 مارچ کے زلزلے سے پیداوار پر پڑنے والے برے اثر سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

تاہم بدھ کو ٹوکیو ٹریڈ میں سونی کے حصص اونچے رہے، اور ان میں 1.40 فیصد کا اضافہ ہوا۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.