یاماناشی: کوفو، صوبہ یاماناشی کے ایک ہسپتال کا کہنا ہے کہ اس کے ایک ریڈیوگراف نے 1999 سے اب تک گردے کی تکلیف میں مبتلا 84 بچوں کو معائنے کے دوران جان بوجھ کر مقررہ حد سے زیادہ تابکار مادے کی مقدار دی۔
فوجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، کوفو میونسپل ہسپتال نے کہا کہ 54 سالہ ریڈیو گرافر نے مئی 1999 سے امسال اپریل تک 15 سال اور کم عمرکے بچوں کو درون وریدی طور پر ایک ٹیسٹ ایجنٹ کا ٹیکہ لگایا جس میں ٹیکینیم 99 ایم شامل تھی۔ ہسپتال نے کہا کہ دی جانے والی مقدار اکثر جاپان سوسائٹی آف نیوکلئیر میڈیسن کی طرف سے بالغوں کے لیے سفارش کردہ مقدار سے بھی بڑھ جاتی۔
ٹیکینیم 99 ایم، جو ٹیکینیم 99 کا ایک کم قیام پذیر ہم جا ہے، اگر درون وریدی طور پر دیا جائے تو گردوں میں جمع ہونے کی خاصیت رکھتا ہے جس سے ایکس رے کے دوران گردوں کی واضح تصویر حاصل کی جا سکتی ہے۔ فوجی ٹی وی نے بتایا کہ ریڈیوگرافر نے مبینہ طور پر ہسپتال سے کہا کہ اس نے جان بوجھ کر ٹیسٹ ایجنٹ کی زیادہ خوراک بچوں کو دی تاکہ ایکس رے کے دوران واضح تصویر جلد از جلد حاصل کی جا سکتیں۔
ہسپتال کے مطابق 84 بچوں میں سے 41 کو ان کی عمر کے مطابق سفارش کردہ خوارک سے 10 گنا یا زیادہ تک مقدار دی گئی۔ سوسائٹی کی ہدایات کے مطابق ٹیسٹ ایجنٹ کی دی جانے والے مقدار کا فیصلہ ڈاکٹروں کو کرنا چاہیے۔ تاہم ہسپتال کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کوفو میونسپل ہسپتال کا ریڈیو گرافر دوسر ےعملے سے مشورہ کیے بغیر ٹیسٹ ایجنٹ کی مقدار کا تعین کرتا رہا تھا۔
ہسپتال کے ڈائریکٹر کاتسورا اوزاوا کے مطابق ان بچوں میں سے کسی نے ابھی تک تابکاری سے متعلق طبی مسائل کی شکایت نہیں کی۔
پولیس نے پیر کو کہا کہ وہ کیس کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا یہ فوجداری ہے یا نہیں۔