سام سنگ آسٹریلیا اور جاپان میں آئی فون کی فروخت پر پابندی کی کوششوں میں

سئیول: جنوبی کوریا کی سام سنگ الیکٹرونکس نے پیر کو کہا کہ وہ ایپل کے تازہ ترین آئی فون کی جاپان اور آسٹریلیا میں فروخت رکوانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے ذریعے امریکی کمپنی ایپل کے ساتھ جاری اس قانونی جنگ میں کئی شکستوں کے بعد سام سنگ نیا معرکہ شروع کرنے جا رہا ہے۔

سام سنگ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے ابتدائی طور پر حکم امتناعی کی درخواست ٹوکیو اور آسٹریلوی ریاست نیوساؤتھ ویلز میں جمع کرا دی ہیں، جن میں ایپل کے نئی آئی فون فور ایس کی فروخت پر پابندی کا کہا گیا ہے چونکہ وہ سام سنگ کے کئی ٹیکنالوجی پیٹنٹس کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

کورین فرم نے کہا کہ وہ آئی فون 4 اور آئی پیڈ 2 کی جاپان میں فروخت پر پابندی کی تاک میں بھی ہے، جبکہ اس سے پہلے ایپل سام سنگ کے گلیکسی 10.1 ٹیبلٹ پر عارضی پابندی لگوانے میں کامیاب رہا تھا۔

“ایپل نے ہمارے پیٹنٹ حقوق کی خلاف ورزی اور ہماری  ٹیکنالوجی پر مفت سواری جاری رکھی ہے۔ ہم مزید چپ کھڑے نہیں رہیں گے اور ثابت قدمی سے اپنے حقوق دانش کی حفاظت کریں گے،” سام سنگ نے کہا۔

سام سنگ نے جاپان اور آسٹریلیا میں ٹیکنالوجی پیٹنٹس کی خلاف ورزی کے مقدمے میں ایپل پر الزام لگایا کہ وہ وائرلیس ٹیکنالوجی سے متعلق اس کے تین پیٹنٹس کی خلاف ورزی کر رہا ہے جو موبائل کو آپریٹ کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

ایک الگ مقدمے میں، کورین فرم نے جمعے کو آسٹریلوی عدالت سے اپیل کی کہ وہ ایپل کی درخواست پر اس کے گلیکسی 10.1 کی فروخت معطل کرنے کا عارضی فیصلہ واپس لے، جس کے بارے میں ایپل کا خیال ہے کہ وہ اس کے ٹچ ٹیکنالوجی کے پیٹنٹس کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

سام سنگ، جو نوکیا کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا موبائل ساز ادارہ ہے، اور ایپل پیٹنٹ مقدمات کے ایک لمبے سلسلے میں ایک دوسرے سے بھڑے ہوئے ہیں جن میں وہ ایک دوسرے پر اسمارٹ فونز اور ٹیبلیٹس کے ڈیزائن اور ٹیکنالوجی کی نقل کا الزام لگاتے ہیں۔

100 ملین ڈالر سے زائد کی امریکی مارکیٹ کے لیے یہ قانونی جنگ اس وقت شروع ہوئی جب ایپل نے سام سانگ پر اس کے مارکیٹ لیڈر آئی فون اور آئی پیڈ کی “اندھا دھند” نقل کا الزام لگایا۔

ایپل نے تب سے آسٹریلیا، جرمنی اور دوسرے ممالک میں سام سنگ کے گلیکسی ایس اسمارٹ فونز اور گلیکسی ٹیبلٹ پر پابندی لگوانے کی کوشش کی ہے، جس سے سام سنگ کو بھی جوابی مقدمات داخل کرنے کی تحریک ملی۔

تازہ ترین فیصلے میں، ڈچ کورٹ نے جمعے کو سام سنگ کی طرف ایپل کے تھری جی فونز اور ٹیبلٹ آلات کی ہالینڈ میں فروخت پر پابندی کی درخواست مسترد کردی جس میں سام سنگ کا کہنا تھا کہ یہ اس کے وائرلیس ٹیکنالوجی پیٹنٹس کی خلاف وزی کر رہے ہیں۔

سام سنگ الگ الگ مقدمات کے ذریعے اٹلی اور فرانس میں بھی ایپل کے آئی فون فور ایس کی فروخت پر پابندی لگوانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ نیا ماڈل پچھلے ہفتے فروخت کے لیے پیش ہوا تھا۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.