پیناسونک 1000 ملازمتیں ختم اور ٹی وی بزنس محدود کرے گا

ٹوکیو:جاپانی میڈیا کی جمعرات کی رپورٹس کے مطابق پیناسونک اپنے گرتے ہوئے ٹیلی وژن کے کاروبار کو تیزی سے کم کرکے ایک ہزار سے زیادہ ملازمتیں ختم کر رہا ہے۔

جی جی پریس، کیودو نیوز، یموری شمبن اور این ایچ کے کے مطابق، اہم الیکٹرونک ساز ادارہ اماگاساکی، ہیوگو صوبے میں واقع اپنے پلانٹ نمبر 3 سے پلازما پینلز کی پیدوار روک دے گا۔

مقامی میڈیا، جنہوں نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا، کے مطابق کمپنی موبارا، صوبہ چیبا میں واقع ایل سی ڈی ڈسپلے پلانٹ کو بھی ممکنہ طور پر کسی مقامی حریف کمپنی کو فروخت کرنے پر غور کر رہی ہے۔

جی جی اور کیودو نیوز کے مطابق، اس منصوبے کے ساتھ ایک ہزار سے زیادہ ملازمتیں بھی جائیں گی جنہیں جلد ریٹائرمنٹ کے پروگرام کے تحت ختم کیا جائے گا تاکہ تین سال سے خسارے میں جانے والے ٹی وی کے کاروبار کو پھر سے سنبھالا جا سکے۔

جی جی پریس نے کہا کی پیناسونک نے رواں مالی سال مارچ تک ٹی وی بیچنے کے اپنے ہدف کو 25 ملین یونٹس سے 20 ملین تک کم کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم پیناسونک کے ایک ترجمان نے کہا کہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

“یہ سچ ہے کہ ہمارا ٹی وی کا شعبہ کئی سالوں سے نقصان اٹھا رہا ہے۔ ہم یہ کہتے رہے ہیں کہ ہماری خواہش تھی کہ چیزوں کو ٹھیک کیا جا سکتا،” انہوں نے اے ایف پی کو بتایا۔

“بہت سی چیزیں اس وقت زیر غور ہیں، اور ہمارے پاس کچھ نہیں جو اس وقت آپ سے شئیر کر سکیں،” انہوں نے کہا۔

یموری شمبن کے مطابق، ین کی زیادہ قدر، سخت عالمی مقابلہ (خاص طور پر جنوبی کورین فرموں کی طرف سے)، اور ٹیلی وژنوں کی کم ہوتی قیمتوں نے جاپانی ٹی وی سازوں کے لیے ٹی وی بنا کر منافع حاصل کرنا ناممکن کر دیا ہے۔

پیناسونک کا اماگاساکی میں واقع پلانٹ نمبر 3، جو دسمبر 2009 میں مکمل ہوا تھا، دنیا کے سب سے بڑے پلازما پینل کارخانوں میں سے ایک ہے۔

اس وقت کمپنی اماگاساکی کے پلانٹ اور چین میں شنگھائی کے ایک پلانٹ پر  پلازما پینل تیار کرتی ہے۔

پیناسونک موبارا پلانٹ اور ہمیجی، صوبہ ہیوگو میں واقع ایک اور کارخانے میں ایل سی ڈی پینلز تیار کرتی ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.