ٹوکیو: اہلکاروں نے پیر کو کہا کہ ٹوکیو کے نواح میں تابکاری کا پتا چلا ہے جو فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے گرد واقع انخلائی علاقے کی تابکاری کی مقدار جتنی اونچی ہے، جس کے بارے میں خیال ہے کہ اس کا تعلق ایٹمی بحران سے ہے۔
اہلکاروں نے بتایا، یہ سرگرم علاقہ، جو قریباً ایک میٹر قطر کا علاقہ ہے، دارالحکومت کے نواحی علاقے کاشیوا، صوبہ چیبا کے ایک خالی پلاٹ میں دریافت ہوا۔
مٹی کی سطح سے ایک میٹر اوپر تک 2 ملی سیورٹس فی گھنٹہ کی تابکاری کا پتا لگایا گیا، جو تباہ حال ایٹمی بجلی گھر کے گرد واقع داخلہ بند علاقے کے کچھ حصوں میں پائی جانے والی تابکاری کی مقدار جتنا ہے۔
شہری حکام نے مٹی میں 57.2 مائیکروسیورٹس فی گھنٹہ تک بلند تابکاری بھی دریافت کی ہے، جس سے 195 کلومیٹر دور ہمسائے میں واقع جائے حادثہ کی تابکاری کی موجودگی کے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے معائنہ کاروں کا خیال ہے کہ تابکاری کا سرگرم علاقہ اس وقت وجود میں آیا جب بارش کے پانی سے آنے والا تابکار سیزیم اس چھوٹے سے حصے میں ٹوٹے ہوئے گٹر کی وجہ سے اکٹھا ہو گیا۔
“ہم نے اس حصے کو دریائی ریت اور پلاسٹک کی چادروں سے ڈھانپ دیا ہے، جس نے اب تک ہوا میں تابکاری کی مقدار کو کم کیا ہے،” کاشیوا شہر کے ایک اہلکار نے کہا۔
“ہم اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کے بعد فیصلہ کریں گے کہ اس آلودہ حصے کا کیا کیا جائے،” اس نے کہا۔
اس ماہ کے شروع میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب مغربی ٹوکیو میں زیادہ تابکاری والا علاقہ دریافت ہوا، لیکن بعد میں پتا لگایا گیا کہ اس کی وجہ پرانی بوتلوں میں بند ریڈیم تھا۔
ماہرین کے مطابق، متغیر ہوائیں، موسم اور جغرافیہ تابکاری کے غیرہموار پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں اور تابکار عناصر ان جگہوں پر زیادہ مرتکز ہونے کا رجحان رکھتے ہیں جہاں گردوغبار اور بارش کا پانی جمع ہوتا ہو، جیسے نالے، سیم اور گڑھے۔
جبکہ محققین تجربات کے ذریعے پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ تابکاری پلانٹ سے کتنی دور تک پھیلی، اسی دوران جاپان کے بہت سے حصوں میں زلزلے و سونامی کے بعد پلانٹ میں واقع ہونے والے پگھلاؤ کی وجہ سے پیدا ہونے والے تابکاری کے خدشات عام زندگی کا حصہ ہیں جہاں آلودہ پانی، گائے کے گوشت، سبزیوں، چائے اور سمندری غذا کی اطلاعات مل چکی ہیں۔
11 مارچ کے زلزلہ ایک سونامی کی وجہ بنا جس نے جاپان کی شمال مشرقی ساحلی پٹی کو ادھیڑ کر رکھ دیا، اس نے قریباً 21000 لوگوں کو ہلاک یا گمشدہ کر دیا، اور فوکوشیا ایٹمی بجلی گھر میں دھماکوں اور پگھلاؤ کی وجہ بنا۔
اس بعد تابکاری کے اخراج نے دسیوں ہزار لوگوں کو پلانٹ کے گرد 20 کلومیٹر کے دائرے اور اس سے پرے موجود زیادہ تابکارہ والے علاقوں سے نکل جانے پر مجبور کر دیا۔