ملین ٹن ملبہ ہوائی کی جانب رواں

لاس اینجلس: محققین کے مطابق بحر الکاہل میں مچھلیاں پکڑنے والی کشتی اور دوسرے ملبے کی دریافت سے ظاہر ہوتا ہے کہ جاپان کے قاتل سونامی سے پیدا ہونے والا آوارہ ملبہ توقعات سے زیادہ تیزی سے مشرق کی جانب بہہ رہا ہے۔

سونامی نے 11 مارچ کو جاپان کے ساحل سے 20 ملین ٹن سے زیادہ ملبہ صاف کر دیا، اور ہوائی میں محققین نے ایک کمپیوٹر ماڈل تیار کیا ہے تا کہ اس کی آمد کی جگہ اور وقت کی پیشن گوئی کی جا سکے۔

انہوں نے پیشن گوئی کی تھی کہ خشکی پر اس کی پہلی آمد اگلی بہار میں مڈوے آئی لینڈز پر ہو گی، جو شمالی بحر الکاہل میں واقع مرکزی جزائر ہوائی میں ہونولولو سے 2100 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔

تاہم ان کے حساب کتاب پر پچھلے ماہ نظر ثانی کی گئی ہے جب ہوائی سے روس کی مشرق بعید کی بندرگاہ تک سفر کرنے والے ایک روسی جہاز نے شمال مغربی بحر الکاہل میں سونامی کا ملبہ دیکھا جس میں فوکوشیما سے 6 میٹر لمبی ایک کشتی بھی شامل ہے، جو کہ متاثرہ فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کا قریبی علاقہ ہے۔

جامعہ ہوائی میں عالمی مرکز تحقیق برائے بحر الکاہل کے جان ہانفر کے مطابق، “ملبے سے متاثر ہونے والا پہلا آباد علاقہ مڈوے اٹول ہو گا”۔

“ہم ان سردیوں میں ملبے کے پہلے ٹکڑوں کی آمد کی توقع کر رہے ہیں،” ہانفر نے کہا جو کمپیوٹر پروگرامر ہیں اور ملبے کے پھیلاؤ کے ممکنہ علاقے کے پروگرام پر ایک سینئر محقق نکولائی میکسی مینکو کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روسی تربیتی جہاز ایس ٹی ایس پالادا کو مڈوے آئی لینڈز سے آگے جا کر ملبے کے آثار ملے تھے۔

22 ستمبر کو، ” ہم نے جاپانی مچھلیاں پکڑنے والی کشتی جہاز پر لادی۔ تابکاری کا درجہ نارمل تھا، ہم نے گائیکر کی مدد سے ماپا،” روسی جہاز کی فرسٹ میٹ نتالیا بورودینا نے ملبے کی تفصیلات روزنامچے میں درج کرتے ہوئے لکھا۔

“بتائی گئی جگہ پہنچنے سے کچھ پہلے (شاید 10 یا 15 منٹ پہلے)، ہم نے ایک ایک ٹی وی سیٹ، فریج اور کچھ دوسرے گھریلوں آلات بھی دیکھے،” انہوں نے جی پی ایس لوکیشن N31.04 و E174.21 کے ساتھ نوٹ کیا۔

پانچ دن بعد 27 ستمبر کو انہوں نے لکھا: “ہم روزانہ مختلف چیزیں دیکھ رہے ہیں جیسے لکڑی کے تختے، پلاسٹک کی بوتلیں، مچھلی پکڑنے کے جالوں کے بڑے چھوٹے ٹکڑے، واش بیسن کی طرح کی ایک چیز، ڈرمز، بوٹ اور دوسری ناکارہ اشیاء۔

تمام چیزیں جہاز کے ساتھ ساتھ تیر رہی ہیں،” انہوں نے نوٹ کیا۔

وہ مقام جہاں سے کشتی سمندر سے نکالی گئی جاپان سے کوئی 3500 کلومیٹر اور ہونولولو سے 3000 کلومیٹر دور ہے۔

ہانفر نے کہا کہ بڑے درجے کے سونامی نے پانی میں اندازاً پانچ سے بیس ملین ٹن تک کا ملبہ پیدا کیا، اگرچہ اس کا بڑا حصہ ڈوب چکا ہے لیکن “خاصی مقدار اب بھی تیر رہی ہے”۔

“ابھی تک ایس ٹی ایس پالادا ہی ملبے کی طرف سے ہی ملبہ دیکھنے کی اطلاع ملی ہے،” انہوں نے کہا اور علاقے سے گزرتے دوسرے جہازوں سے اپیل کی کہ اطراف میں نظر رکھیں اور ملبہ دیکھے جانے پر اطلاع دیں۔

مزید معلومات کی بنیاد پر محققین بہتر انداز میں پیشن گوئی کر سکتے ہیں کہ ملبہ کب تک ہوائی کے سیاحتی ساحلوں پر پہنچے گا۔ “ایس ٹی ایس پالادا کے مشاہدے کی بنیاد پر ہمیں ابتدائی چیزوں (زیادہ تر ہلکی پلاسٹک سے بنی چیزوں) کی آمد کی توقع ہے۔

اس کے بعد بھاری ٹکڑے آئیں گے۔ چونکہ ملبے کے پھیلاؤ کا علاقہ کٹا پھٹا ہے، اس لیے اس کی ساحلوں تک آمد بھی آہستہ آہستہ ہو گی۔ اس لیے براہ کرم ملبے کی لہریں آنے کی توقع نہ کریں،” انہوں نے کہا۔

“جو ملبہ مڈوے سے بچ نکلا وہ مرکزی جزائر ہوائی اور شمالی امریکہ کی مغربی ساحلی پٹی کی طرف بڑھنا جاری رکھے گا،” مرکز نے مزید کہا۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.