ٹوکیو: نیشنل پولیس ایجنسی فٹ پاتھوں پر سائیکل چلانے والوں کے لیے قوانین سخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تا کہ سائیکل سوار اور پیدل چلنے والوں کے مابین ٹکراؤ کے واقعات کم کیے جا سکیں۔
پولیس کے مطابق، حالیہ سالوں میں ٹکراؤ کے واقعات کی مستقل بڑھتی ہوئی شرح نے انہیں مجبور کیا ہے کہ سائیکل سواروں کے لیے سائیکل چلانے کی جگہ پر پابندیاں لگائی جائیں۔ ٹی بی ایس کے مطابق، پولیس نے کہا کہ پچھلے سال پیدل چلنے والوں کے ساتھ ٹکراؤ کے 2760 سے زیادہ واقعات کی رپورٹ کی گئی، جو کہ آٹھواں مسلسل سال ہے جب ایسے واقعات کی تعداد 2000 سے زیادہ رہی۔ ان میں پانچ واقعات کا نتیجہ موت کی صورت میں نکلا۔
پولیس نے کہا کہ اگرچہ ایک قانونی رہنمائی موجود ہے کہ سائیکل ہر اس راستے پر چلائی جا سکتی ہے جو کم از کم دو میٹر چوڑا ہو، تاہم حقیقت میں کسی مقام پر سائیکل سواری کی اجازت دینا یا نہ دینا نیشنل پولیس سیفٹی کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ ٹی بی ایس کے مطابق، نئے تجویز شدہ قوانین کے تحت سائیکل سواروں کو تین میٹر سے کم چوڑے فٹ پاتھ پر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
تجویز شدہ پابندیوں کے علاوہ، پولیس باحفاظت سواری کی آگاہی کے لیے منصوبے متعارف کروانے کی امید بھی کر رہی ہے تا کہ پی کر سائیکل چلانے والوں کی تعداد کم ہو اور بالاخر مصروف شاہراہوں پر سائیکل سواروں کے لیے الگ لین قائم کی جا سکے۔
ٹی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق، این پی اے نے کہا کہ پولیس افسران فٹ پاتھ پر سائیکل چلانے والے یا بے احتیاطی سے سائیکل چلانے والے، جیسا کہ سائیکل سواری کے دوران سیل فون یا آئی پوڈ کا استعمال، سائیل سواروں کو تنبیہ جاری کریں گے۔
این پی اے نے کہا کہ 13 سال سے کم عمر کے بچوں اور 70 سال سے زیادہ عمر کے بوڑھوں کے استثنا کے علاوہ سائیکل سواروں کو فٹ پاتھ کی بجائے سڑکوں پر سائیکل چلانے کی ترغیب دی جائے گی۔ ٹی بی ایس نے این پی اے کے حوالے سے کہا کہ ایسا کر کے سائیکل سواروں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے انہیں بھی ڈرائیوروں کی طرح ٹریفک قوانین کی پابندی کرنی چاہیے۔