ٹوکیو: جاپان کے غیر ملکی سفارت خانوں کے کمپیوٹرز کو نشانہ بنانے والا ایک وائرس چین میں سرورز کو ڈیٹا بھیجنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا
یموری شمبن کے مطابق، بیک ڈور ایجنٹ ایم او ایف نامی اس وائرس کے بارے میں پتا چلا کہ اس نے 10 سفارت خانوں اور قونصلیٹوں کے کمپیوٹروں کو متاثر کیا، اور چوری شدہ معلومات کی منزل کے طور مقرر کیے جانے والے سرورز میں سے کم از کم دو کا تعلق چین سے تھا۔
روزنامے کے مطابق، یہ وائرس اجازت یافتہ صارفین کو بائی پاس کر کے صارفین کی شناختیں اور دوسری معلومات کو آپریٹنگ سسٹم سے باہر بیرونی ٹرمینلز کو بھیجنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یموری نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سرورز کا ڈومین وہی تھا جو اس سے پہلے گوگل اور دسیوں دوسری کمپنیوں پر ہونے والے سائبر حملوں میں استعمال کیا جا چکا ہے۔
ایک “بیک ڈور” وائرس کمپیوٹر سسٹم میں ایک نیا راستہ کھول دیتاہے جو دور دراز بیٹھے ہیکر کے لیے رسائی ممکن بناتا ہے، جس کو استعمال کر کے ہیکر ڈیٹا چرا سکتا ہے۔
یموری نے اس ماہ کے شروع میں رپورٹ دی تھی کہ جاپان نے بیرون ملک سفارت خانوں کے کمپیوٹروں میں وائرس دریافت کیا تھا، ان میں فرانس، ہالینڈ، میانمار، امریکہ، کینیڈا، چین اور جنوبی کوریا کے سفارت خانے شامل تھے۔
حکومت نے کچھ دفاتر میں وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے لیکن کہا ہے کہ کسی قسم کی حساس معلومات چرائی نہیں گئیں۔
جمعے کو، حکومت کے ترجمان اوسامو فوجیمورا نے پھر کہا کہ کوئی حساس معلومات چرائی نہیں گئیں، لیکن انہوں نے یموری کی رپورٹ کے مندرجات پر تبصرہ کرنے سے بھی انکار کیا۔
“میں یہ تبصرہ محفوظ رکھنا چاہوں گا کہ یہ وائرس کس قسم کے تھے اور کس جگہ سے آئے تھے، فوجیمورا نے رپورٹروں کو کہا۔
آشی شمبن نے رپورٹ دی تھی کہ دائت کے ایوان زیریں کے کمپیوٹر چین میں ایک سرور سے سائبر حملوں کا نشانہ بنے جن کی وجہ سے معلومات ایک مہینے تک کھلے عام رسائی کے لیے پڑی رہیں۔
یہ انکشاف اس وقت ہوا ہے جب جاپان دفاعی کنٹریکٹر متسوبشی ہیوی پر ہونے والے حالیہ سائبر حملوں کی تحقیقات کر رہا ہے، جن کے نتیجے میں جنگی جہازوں اور ایٹمی بجلی گھروں کے بارے میں معلومات چرائے جانے کا امکان ہو سکتا ہے۔
چین پر حکومتی ایجنسیوں اور کمپنیوں پر ہونے والے آنلائن حملوں کے پھیلاؤ کا الزام لگایا جاتا ہے، لیکن بیجنگ نے ہمیشہ اس کی تردید کی ہے۔
جون میں انٹرنیٹ دیو گوگل نے کہا کہ چین سے شروع ہونے والی انٹرنیٹ جاسوسی کی مہم نے سینئر امریکی عہدے داروں، فوج کے ملازمین، صحافیوں اور چینی سیاسی ایکٹوسٹوں کے جی میل کھاتوں کو نشانہ بنایا تھا۔
یہ دوسرا موقع تھا جب گوگل نے چین سے ہیکروں کے حملے کی رپورٹ کی۔ اس سال کے شروع میں، ایسے ہی ایک واقعے نے کمپنی کو چین میں اپنا کاروبار محدود کرنے پر مجبور کیا تھا۔
1 comment for “سفارت خانے کے کمپیوٹروں کو نشانہ بنانے والا وائرس چین میں سرورز کو ڈیٹا بھیجنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا”