ٹوکیو:اطلاعات کے مطابق، ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (ٹیپکو) نے جمع کو حکومت سے درخواست کی کہ 1 ٹریلین ین کی امداد کی جائے تاکہ فوکوشیما ایٹمی بحران کے متاثرین کو زرتلافی کی ادائیگی کی جا سکے۔
“آج، ہم یعنی ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی، نے ایٹمی بحران کا زرتلافی ادا کرنے کے مددگار ادارے میں مالی تعاون کے لیے درخواست دائر کی،” ٹیپکو نے ایک بیان میں کہا۔
کمپنی نے درخواست کیے گئے کیش کی مقدار نہیں بتائی اور کہا کہ رقم حکومت کی منظوری تک خفیہ رہے گی۔
تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق رقم ایک ٹریلین ین تک ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کمپنی معاہدے کے تحت حکومتی امدادی ادارے سے پہلی قسط ملنے کے انتظار میں ہے تاکہ وہ اپنی اپریل تا ستمبر کی بیلنس شیٹ میں خسارہ ظاہر کرنے سے بچ سکے۔
روزنامہ یموری نے رپورٹ دی کہ ٹیپکو کو “فی الحال” ایک ٹریلین ین کی ضرورت تھی، جس سے پتا چلتا ہے کہ مشکلات میں گھری یہ کمپنی بعد میں دوبارہ حکومت کے آگے مدد کے لیے دست سوال دراز کرنے جا سکتی ہے۔
روزنامے کے مطابق، کمپنی نے وزیر اعظم یوشیکو نودا اور وزیر خزانہ یوکیو ایدانو، جو توانائی کی صنعت کے نگران بھی ہیں، کو ہنگامی کاروباری منصوبہ بھی جمع کروایا۔
اس منصوبے میں اخراجات میں کمی، اثاثوں کی فروخت اور دوسرے اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں تاکہ زرتلافی کے اخراجات کو پورا کیا جا سکے، جن کا اندازہ حکومت نے 2013 تک 4.5 ٹریلین ین کا لگایا ہے، اور حکومت کی مدد کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔
خبروں کے مطابق، ایدانو نومبر کے شروع میں اسے منظور کرنے سے پہلے درخواست اور کاروباری منصوبے کا جائزہ لیں گے۔
ٹیپکو کے برے دن تب شروع ہوئے جب 9.0 شدت کے زلزلے اور بڑے سونامی نے 11 مارچ کو فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے بیک اپ کولنگ سسٹم کو تباہ کر دیا تھا، جو ری ایکٹروں کے پگھلاؤ، دھماکوں اور ماحول میں تابکاری کے اخراج پر منتج ہوا۔
دسیوں ہزار لوگ متاثرہ پلانٹ کے گرد 20 کلومیٹر رداس کے داخلہ بند علاقے میں موجود اپنے گھروں، کاروباروں اور فارموں سے بے دخل پڑے ہیں۔ ان علاقوں کو مکمل طور پر تابکاری سے پاک کرنے پر عشرے لگ جانے کی توقع ہے۔
تابکار سیزیم سے متاثرہ مٹی کو ہٹائے جانے کے بعد اس کی باربرداری اور ذخیرہ کرنے کے بھاری اخراجات کی وجہ سے کم آلودہ علاقوں میں بھی دیہاتوں اور قصبوں کو بحال کرنا بہت پیچیدہ ہے۔
فوکوشیما ڈائچی پلانٹ سے سینکڑوں کلومیٹر دور ٹوکیو اور یوکوہاما میں بھی زیادہ تابکاری والے علاقے دریافت ہوئے ہیں، جن کے غیریکساں پھیلاؤ کی وجہ بارش اور ہوا چلنے کی سمتیں ہیں۔
اس مصیبت نے جاپانی عوام کا دل ایٹمی توانائی کی طرف سے کھٹا کر دیا ہے، جن میں سے اکثر اس ٹیکنالوجی کے صحت پر مضر اثرات کے بارے میں پریشان ہیں، اگرچہ مارچ سے پہلے ایٹمی توانائی کم قدرتی وسائل والے ملک جاپان کی بجلی کی ضروریات کا ایک تہائی پورا کرتی تھی۔
اس ماہ کے شروع میں ایک حکومتی پینل نے کہا تھا کہ ٹیپکو کو 7400 ملازمتیں ختم کرنا ہوں گی اور اگلے دس سالوں میں 2.5 ٹریلین ین کے اخراجات کم کرنا ہوں گے تاکہ ایٹمی حادثے کے زرتلافی کے لیے فنڈ اکٹھے کر سکے۔
1 comment for “ٹیپکو کی طرف سے فوکوشیما کے لیے 1 ٹریلین ین کی امداد کی درخواست”