ٹوکیو: ڈویلپرز کے مطابق جاپان کے ایک سپر کمپیوٹر نے دنیا کا تیز ترین کمپیوٹر ہونے کا اپنا ہی ریکارڈ 10 کوارڈیلین حسابات فی سیکنڈ کے حساب سے سر انجام دے کر توڑ ڈالا۔
“کے کمپیوٹر”، جو عام کمپیوٹر کے چار یا کم پروسیسروں کے مقابلے میں 88,000 سنٹرل پروسیسنگ یونٹس سے مل کر بنا ہے (جو اس کا دماغ ہیں)، نے اکتوبر میں ایک تجربے کے دوران اپنا ہی 8 کوارڈیلین حسابات فی سیکنڈ کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ ایک کوارڈیلین ایک ہزار ٹریلین کے برابر ہوتا ہے۔
سپر کمپیوٹر اوسطاً عام پرسنل کمپیوٹرز سے دس ہزار گنا زیادہ تیز رفتاری سے کام کرتے ہیں۔
دوسری چیزوں کے علاوہ، سپر کمپیوٹروں کو سائنسدان زلزیاتی موجوں اور سونامیوں کے اثرات کا مطالعہ کرنے اور ان کے عمارات پر اثرات کی پیشن گوئی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
فیوجستو کے ساتھ مل کر اس مشین کو تیار کرنے والی کمپنی ریکن کے صدر، ریوجی نویوری نے کہا کہ یہ کمپیوٹنگ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھنے والی کامیابی تھی۔
“کے کمپیوٹر ایک کلیدی قومی ٹیکنالوجی ہے جو جاپان کی مزید ترقی کی بنیادیں کھڑی کرنے میں مدد فراہم کرے گی،” انہوں نے بدھ کو کہا۔
“میں بہت خوش ہوں کہ اس نے اپنا اہم مقصد حاصل کر لیا، اور مضبوط تکنیکی طاقت کا اظہار کیا۔”