ٹوکیو: فوکوشیما یونیورسٹی کی طرف سے کرائے گئے ایک تازہ سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ کچھ سابقہ مکینوں میں حکومت پر فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے بحران کے سلسلے میں اعتماد بہت کم ہے اور چار میں سے ایک مکین واپس اپنے گھر نہیں جانا چاہتا۔
یونیورسٹی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ سروے میں فوتابا اور اوکوما، جو تباہ حال ایٹمی بجلی گھر کے قریب ترین واقع ہیں، کے 28,000 بے گھر گھرانوں کو شامل کیا گیا تھا۔ 13,640 گھرانوں کی طرف سے جوابات موصول ہوئے۔
جب پوچھا گیا کہ وہ گھر واپس کیوں نہیں جانا چاہتے، تو 83 فیصد مکینوں نے کہا کہ علاقے کی تابکاری سے صفائی مشکل ثابت ہو گی، 66 فیصد نے جواب دیا کہ وہ حکومت کی یقین دہانیوں پر اعتماد نہیں کرتے کہ تابکاری کی مقدار محفوظ حد میں ہے، اور 61 فیصد نے جواب دیا کہ وہ علاقے کے معمول پر آنے کی توقع نہیں رکھتے۔