ٹوکیو کے رہائشی علاقے میں ریڈیم 226 کے نمونے کی دریافت

ٹوکیو: وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی نے جمعے کو تصدیق کی کہ ٹوکیو کے میگورو وارڈ کے رہائشی علاقے ہیگاشی یاما میں ریڈیم 226 کی تھوڑی سی مقدار ایک کنٹینر میں بند دریافت ہوئی ہے۔

وزارت کے ایک ترجمان کے حوالے سے فُوجی ٹی وی نے بتایا کہ رہائشی خاتون، جو اس عمارت میں عرصہ دراز سے رہ رہی تھی، کو بلڈنگ کے اسٹور میں لکڑی کے ایک ڈبے میں بند دھاتی کنٹینر میں یہ مادہ ملا۔

جب اس نے 31 اکتوبر کو ڈبے میں سے تابکاری کے غیرمعمولی درجے کے اخراج کی اطلاع دی تو وزارت نے تابکاری کے ایک ماہر کو اس کی رہائش گاہ پر کنٹینر کے بارے میں تفتیش کرنے کے لیے بھیجا جس نے پتا لگایا کہ  اس میں ریڈیم 226 کی تھوڑی سی مقدار تھی جو 3 ملی میٹر کے قطر اور دو سینٹی میٹر لمبائی کی حامل تھی۔ فُوجی ٹی وی کے مطابق، وزارت نے کہا کہ باکس کی سطح سے 250 مائیکرو سیورٹ فی گھنٹہ کے حساب سے تابکاری خارج ہو رہی تھی، لیکن ایک میٹر کے فاصلے سے یہ مقدار 6 مائیکروسیورٹ تک گر گئی۔

ماہرین کے مطابق، نمونے کی شکل و صورت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ طبی استعمال کے لیے تھا۔ وزارت کے مطابق، جائیداد کا مالک اس ڈبے کے اجزا کے بارے میں لاعلم تھا، جس کے بارے میں اس کا خیال ہے کہ اسٹور روم میں 50 سالوں سے پڑا ہوا تھا۔

وزارت کے ترجمان نے کہا کہ قریبی رہائشیوں کی صحت ریڈیم کی وجہ سے متاثر نہیں ہوئی۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.