ٹوکیو: میڈیا رپورٹس کے مطابق، نقصان چھپانے کے اسکینڈل میں پکڑا جانے والا جاپانی ادارہ اولمپس اپنے دو عشرے پرانے کھاتوں کو ٹھیک کرے گا جبکہ حکام سابقہ منتظمین سے تفتیش کر رہے ہیں۔
مینی چی اخبار نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا اولمپس 20 سالہ مالیاتی کھاتوں میں درستگی کر کے حکومت کے مالیاتی بیورو کو جلد از جلد جمع کرانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
کیمرہ اور دوسرے نفیس آلات بنانے والے ادارے نے منگل کو انکشاف کیا کہ اس نے 1990 کے عشرے سے سرمایہ کاری میں نقصانات کو چھپائے رکھا اور پھر انہیں 2006 سے 2008 کے مابین کی جانے والی خریداریوں کی آڑ میں پوشیدہ کرنے کی کوشش کی۔
ادا کی جانے والی فیس کی بڑی رقوم کی وجہ سے یہ معاہدے جانچ پڑتال کی زد میں آگئے تھے۔
کمپنی کی طرف سے اپنی سہ ماہی رپورٹ کو مقررہ تاریخ پر پیش نہ کر سکنے کے اعلان کے بعد اس کا اسٹاک ممکنہ ڈی لسٹنگ کے لیے ٹی ایس سی کی نگران فہرست میں رکھ لیا گیا تھا۔
مینی چی نے کہا کہ اولمپس کی طرف سے پرانے کھاتوں میں درستگیاں کیے جانے سے سیکیورٹیز کا نگران ادارہ اس کے خلاف انتظامی کاروائی کر کے جرمانہ عائد کر سکتا ہے۔
اخبار کے مطابق، تاہم سیکیورٹیز اور ایکسچینج کا نگران کمیشن بظاہر کمپنی پرصرف فوجداری مقدمہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے پر اکتفا کر رہا ہے۔
اس نے کہا کہ یہ اقدام اولمپس کو ٹی ایس ای لسٹنگ برقرار رکھنے کا ایک موقع فراہم کر سکتا ہے، جسے کمپنی 14 دسمبر تک اپنی آمدن کی رپورٹ شائع کر کے حاصل کر سکتی ہے۔
اس کے علاوہ کمیشن ممکنہ طور پر اولمپس کے سابقہ منتظمین، جن کے ان غلط اقدامات میں ملوث ہونے کے امکانات ہیں، کے خلاف پولیس اور پراسیکیوٹرز کی مدد سے تفتیش بھی شروع کرے گا۔
14 اکتوبرکو، جب کمپنی نے اپنے برطانوی سی ای او مائیکل ووڈ فورڈ کو ملازمت سے برخواست کیا جس نے خریداری کے معاہدوں میں زائد ادائیگیوں پر سوالات اٹھائے تھے، اسکینڈل پھوٹنے سے لے کر اب تک اولمپس کے شئیرز کی قدر 80 فیصد تک گرچکی ہے۔
نیکےئی اکنامک ڈیلی نے ہفتے کو رپورٹ دی کہ اولمپس کے کیس نے پولیس، پراسیکیوٹر اور سیکیورٹیز کے نگران اداروں کی مشترکہ سہ فریقی تفتیش کو جنم دیا ہے جو کہ شاذ ہی ہوتا ہے۔
اس نے کہا کہ ٹوکیو ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آفس کا خصوصی تفتیشی یونٹ، ٹوکیو میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ اور سیکیورٹیز کا نگران ادارہ تعاون کے طریقہ کار پر بات چیت کر رہے ہیں۔
جی جی پریس نیوز ایجنسی کے مطابق ٹوکیو پراسیکیوٹرز آفس نے علاقائی دفاتر سے اہلکار مستعار لے کر اسکواڈ کو تقویت بخشی اور انہوں نے اولمپس کے اہلکاروں سے تفتیش شروع کی۔