ٹوکیو: اولمپس کارپوریشن کے برخاست شدہ سی ای او مائیکل ووڈفورڈ اگلے بدھ کو جاپان لوٹیں گے تاکہ جاپان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں سے کمپنی کی طرف سے سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کے نقصان چھپانے کے اسکینڈل کے سلسلے میں مل سکیں۔
فائنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ووڈ فورڈ 14 اکتوبر کو اولمپس سے برخواستگی کے بعد برطانیہ چلے جانے کے بعد پہلی مرتبہ جاپان کا دورہ کریں گے۔ وہ جاپانی پولیس، پراسیکیوٹرز اور نگران ایجنسیوں سے ملیں گے جو کیس کی تفتیش کر رہی ہیں۔
اولمپس نے ووڈفورڈ کی طرف سے چار خریداریوں میں ادائیگیوں کا بھانڈا پھوڑنے کے بعد پچھلے ہفتے تسلیم کیا کہ اس نے 1990 کے عشرے سے سرمایہ کاری میں ہونے والے بھاری نقصانات کو خریداری کے معاہدوں اور مشیران کو دی جانے والی فیس کی آڑ میں چھپانے کی کوشش کی۔
مقامی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ اس کے نقصانات کا مجموعہ شاید 100 بلین ین تک جا پہنچے۔
جی جی پریس کی رپورٹ کے مطابق، ووڈفورڈ پہلے ہی امریکی حکام جیسے ایف بی آئی، محکمہ انصاف اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے سنگین فراڈ کے محکمے کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ کاروباری خریداریوں کے معاہدوں میں اپنی تفتیش سے انہیں آگاہ کر سکیں۔