وزارت ماحولیات کے اہلکار کی طرف سے تابکار مٹی تلف کرنے کے معاملے پر ہوسونو نے اپنی تنخواہ ترک کر دی

ٹوکیو: وزیر ماحولیات گوشی ہوسونو نے کہا کہ وہ اپنی وزارت کے ایک اہلکار کی طرف سے فوکوشیما کی تابکار مٹی سائیتاما صوبے میں اپنے گھر کے قریب ایک خالی پلاٹ میں تلف کرنے پر اپنی سالانہ تنخواہ ترک کر دیں گے۔

ہوسونو، جو ایٹمی بحران کے انچارج وزیر بھی ہیں، نے کہا کہ وہ دفتر سنبھالنے کے پورے عرصے کے دوران بطور وزیر ماحولیات ماہانہ پندرہ لاکھ ین وصول نہیں کریں گے تاکہ وہ اپنی وزارت کے اہلکار کے سلوک کی تلافی کر سکیں۔

“میرے اوپر اس تنظیم کا سربراہ ہونے کے ناطے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،” ہوسونو نے کہا جو دائت کا رکن ہونے کے ناطے تیرہ لاکھ ین ماہانہ کی تنخواہ الگ سے وصول کر تے ہیں۔

ہوسونو کا فیصلہ ایک دن بعد آیا ہے جب انہوں نے بتایا تھا کہ ایک اہلکار نے تباہ حال ایٹمی بجلی گھر سے 60 کلومیٹر دور واقع فوکوشیما شہر کے ایک رہائشی کی طرف سے وزارت کو بھیجی جانے والی کم درجے تابکاری والی مٹی کی تھوڑی سی مقدار تلف کی تھی۔

وزارت کے مطابق، اسے آٹھ نومبر کو صبح نو بجے گتے کا ایک ڈبہ موصول ہوا۔ اس ڈبے کے اندر پلاسٹک کے تھیلے میں مٹی بند تھی۔ ایک خط میں بھیجنے والے نے کہا تھا کہ یہ اس کے باغ سے لی گئی مٹی ہے اور وہ چاہتا ہے کہ وزارت اسے محفوظ کرے اور صاف کرے۔ اس خط میں بھیجنے والے کے گھر کے اطراف میں ماپی گئی تابکاری کے درجوں کے بارے میں معلومات بھی تھیں۔

وزارت نے کہا کہ مٹی کے تجزیے سے پتا چلا کہ اس میں 0.18 مائیکروسیورٹ فی گھنٹہ کی تابکاری موجود تھی، جو تقریباً ٹوکیو کے نواحی علاقوں کی مٹی میں پائی جانے والی تابکاری کی مقدار جتنی ہے۔

بحث مباحثے کے بعد عملے کا ایک رکن اس ڈبے کو لے گیا اور دارالحکومت کے شمال میں واقع صوبے سائیتاما میں اپنے گھر سے ذرا دور خالی پلاٹ میں انڈیل دیا۔

ہوسونو نے کہا کہ یہ مٹی بعد میں اکٹھی کر لی گئی، اور ملوث اہلکاروں اور ان کے سپروائزروں کے خلاف انضباطی کاروائی کی گئی جس میں تنخواہ میں کٹوتی، تبادہ اور تنبیہ شامل ہیں۔

ہوسونو نے کہا کہ وزارت کے ملازم کے افعال انتہائی غیرذمہ دارانہ تھے اور اگلے سال جنوری سے لاگو ہونے والے خصوصی اقدامات کے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو سکتے تھے، جو تباہ حال فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر سے خارج ہونے والی تابکاری سے نمٹنے سے متعلق ہے اور آلودہ مٹی کو غیرقانونی طریقے سے تلف کرنے سے روکتا ہے۔

ہوسونو نے فوکوشیما کے رہائشیوں پر زور دیا کہ ایسے پیکجز وزارت کو نہ بھیجیں۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.