ٹوکیو: تجزیہ نگاروں نے عالمی معیشت کی نازک حالت کے حوالے سے کہا ہے کہ عشروں بعد آنے والے تھائی لینڈ کے بدترین سیلاب اگرچہ آہستہ آہستہ اتر رہے ہیں لیکن ان کا صدمہ آنے والے مہینوں میں کمپنیوں اور صارفین کو محسوس ہو تا رہے گا۔
اکتوبر سے آنے والے شدید سیلاب، جن میں سینکڑوں لوگ ہلاک ہو گئے، نے پیداواری ہب کہلانے والے علاقے میں درجنوں صنعتوں کو متاثر کیا ہے، جن میں کار سازی اور کمپیوٹر ہارڈ ڈسک سازی کی صنعتیں قابل ذکر ہیں۔
اس کے اثرات عالمی طور پر محسوس کیے گئے ہیں اور متاثر ہونے والی کمپنیوں میں پرسنل کمپیوٹر بنانے والی کمپنی ڈیل، ہارڈ ڈسک ساز توشیبا اور ویسٹرن ڈیجیٹل، اور کار ساز دیو ٹیوٹا اور فورڈ شامل ہیں۔
مارچ کے زلزلے کے بعد جاپان میں سپلائی چین میں آنے والے تعطل کے بعد تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ تھائی لینڈ میں قدرتی آفت نے سوال اٹھائے ہیں کہ کمپنیاں اپنے اہم پرزوں کے سپلائی نیٹ ورکس کو کتنے بہتر طریقے سے سمجھتی ہیں، اور کیا انہیں بہتر طریقے سے منظم کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
تاہم،”کچھ کرنے کے لیے کمپنیوں کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں چونکہ زیادہ مال تیار کرنے سے ان کی کارپوریٹ آمدنی پر دباؤ پڑتا ہے اور خطرہ بڑھ سکتا ہے،” ایم ایم ریسرچ انسٹیٹیوٹ ٹوکیو کے تجزیہ نگار ماساکی ناکومورا نے کہا۔
خاص طور پر، “عین وقت پر” فراہمی کا نظام، جو جاپان میں سب سے پہلے اختیار کیا گیا اور اکثر ٹیکنالوجی اور کار سازی کی صنعتوں میں درکار پرزوں اور خام مال کی ضرورت پڑنے پر فراہمی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، ایسے دھچکوں کا آسان شکار بن سکتا ہے۔
“اگرچہ “عین وقت پر” کے پیچھے کارفرما بنیادی تصور وہی رہے گا، تاہم اب فرمیں سیلاب کے بعد دوسری جگہوں پر مراکز قائم کر کے پیداواری خطرات مزید کم کریں گی”، ڈائی لچی لائف ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سینئیر اقتصادیات دان تورو نشی ہاما نے کہا۔
تھائی فیکٹریاں عالمی ہارڈ ڈسک مارکیٹ کا قریباً 40 فیصد حصہ فراہم کرتی ہیں، اور اگرچہ تجزیہ نگار کرسمس کی چھٹیوں ہونے والی کمپیوٹروں کی فروخت پر اس کے زیادہ اثرات نہیں دیکھتے، تاہم صورت حال 2012 تک سخت رہ سکتی ہے۔
“کرسمس سیزن کے دوران صارفین شاید پرسنل کمپیوٹروں کی قیمت بڑھنے کی مد میں کوئی بڑی تبدیلی نہ دیکھیں” چونکہ اس مال کے لیے پرزوں کے آرڈر پچھلی سہ ماہی میں دئیے گئے تھے، آئی ایچ ایس آئی سپلائی کے تجزیہ نگار فینگ ژینگ نے کہا۔
“تاہم، اگر وہ باہر لگنے والی ہارڈ ڈسکس خریدتے ہیں، تو انہیں قیمت میں خاصے زیادہ فرق کا احساس ہو گا”۔
ٹوکیو کے اکیہا بارا الیکٹرونکس ڈسٹرکٹ میں دوکانوں پر بورڈ دیکھے جا سکتے ہیں جو گاہکوں کوقیمتوں میں اضافے سے بچنے کے لیے ابھی ہارڈ ڈسک خریدنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ کچھ نے فروخت بالکل ہی بند کر دی ہے۔
“ہم ہارڈ ڈسک کا ذخیرہ نہیں خرید سکتے چونکہ قیمتیں معمول کی نسبت چار سے پانچ گنا زیادہ ہیں،” ھامادا الیکٹریکل ایکوئپمنٹ مینوفیکچرر پر ایک خریدار یو سوگاوارا نے کہا۔
“گاہک زیادہ قیمتوں پر خریداری نہیں کریں گے، اس لیے ہم زیادہ لاگت کو ریٹیل قیمت میں شامل نہیں کر سکتے۔ ہم نے اپنا کاروبار محدود کرنے کی بجائے ہارڈ ڈسک بیچنا ہی بند کر دی ہیں۔”
سیلاب نے جاپانی فرموں کے لیے ایک برے سال کو بدتر بنا دیا ہے جو پہلے ہی مارچ کے زلزلے و سونامی سے بحالی کی کوشش کر رہی تھیں، اور ین کی زیادہ قدر سے نبرد آزما تھیں۔
اکتوبر کے آخر تک 400 جاپانی کمپنیوں نے اپنی پیداوار تھائی لینڈ کے سیلاب، جس نے 560 سے زیادہ جانوں کا خراج لیا ہے اور دسیوں لاکھ گھروں اور کاروبار کے مواقع کو نقصان پہنچایا ہے، کی وجہ سے کم کر دی یا روک دی۔
جاپان تھائی لینڈ کا سب سے بڑا غیرملکی سرمایہ کار ہے۔ جنوب مشرقی ایشیائی ملک کے انڈسٹریل زون اور اس کے معیاری انفراسٹرکچر نے زیادہ کارپوریٹ ٹیکس اور مہنگی مزدوری سے پناہ کی متلاشی جاپانی کمپنیوں کو اپنا گرویدہ کیا ہے۔
ڈائی ایچی کے نشی ہاما نے کہا کہ اس کے باوجود لگتا ہے کہ انڈونیشیا، ویتنام اور انڈیا اگلے سال تھالی لینڈ کی نسبت جاپانی فرموں کی طرف سے زیادہ سرمایہ کاری وصول کریں گے جو پہلے ہی پیداواری ارتکاز کے خطرات کم کرنے کا سوچ رہی ہیں۔
ستمبر میں ٹیوٹا نے کہا تھا کہ مارچ کے زلزلے کے بعد کھوئی ہوئی پیداواری صلاحیت بحال کرنے کے لیے ہزاروں عارضی کارکن بھرتی کرنے کے بعد کاروں کی عالمی پیداوار معمول پر واپس آ گئی ہے۔
تاہم اسے تھائی لینڈ میں واقع اپنے تین اسمبلی پلانٹ اکتوبر کے شروع میں بند کرنا پڑے اور وہ انہیں 21 نومبر تک نہیں کھول سکے گی۔ ٹیوٹا اور ہنڈا نے نقصان کا اندازہ کرنے کے بعد متوقع آمدنی کی پیشن گوئیاں واپس لے لیں۔
کار ساز اداروں نسان اور متسوبشی موٹرز اور الیکٹریکل فرم پائیونئیر، سونی، کینن اور نیکون کو بھی تھائی لینڈ کے پلانٹ بند ہونے اور فراہمی میں تعطل کے خدشات کی وجہ سے اپنی عالمی پیداوار پر نظر ثانی کرنا پڑی۔
بینکاک سے 80 کلومیٹر دریا کے بہاؤ کی مخالف سمت میں واقع زیر آب آنے والے ایوتھایا انڈسٹریل زون کی کچھ کمپنیوں کو اہم ڈیٹا محفوظ رکھنے والا ہارڈئیر حاصل کرنے کے لیے غوطہ خوروں کی خدمات حاصل کرنا پڑیں، چونکہ پانی آہستہ آہستہ اتر رہا تھا۔
اگرچہ سیلاب سے دور کچھ مراکز میں محدود پیمانے پر پیداوار شروع کر دی گئی ہے، تاہم تجزیہ نگاروں نے خبردار کیا ہے کہ اس آفت کے اثرات جاپان کے زلزلے و سونامی کی نسبت تادیر قائم رہ سکتے ہیں۔
“جاپانی کمپنیاں سونامی کے قریباً دو ماہ بعد بحالی کا کام شروع کرنے کے قابل ہو گئی تھیں،” نشی ہاما نے کہا۔
“لیکن تھائی لینڈ کے زیر آب مراکز کے بارے میں یہ کہنا دشوار ہے کہ پیدوار کب معمول پر آ سکے گی”۔