ٹوکیو: اہلکاروں کے مطابق اتوار کو مشرقی جاپان میں 5.3 شدت کا ایک زلزلہ آیا لیکن مارچ کے زلزلے و سونامی سے تباہ ہونے والا ایٹمی بجلی گھر مستحکم رہا۔
یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ صبح دس بج کر تیئس منٹ پر ایباراکی میں آیا، جو ٹوکیو سے 136 کلومیٹر دور اور فوکوشیما کے ساتھ ہی جنوب میں واقع ہے، اور اس کی گہرائی 24.7 کلومیٹر تھی۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق سونامی کی توقع نہیں تھی، جبکہ نقصانات کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
ایٹمی بجلی گھر کے آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (ٹیپکو) نے کہا کہ تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر مستحکم رہا۔
11 مارچ کو آنے والے 9.0 شدت کے زلزلے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تباہ کن سونامی نے بیس ہزار سے زیادہ لوگوں کو ہلاک کر ڈالا تھا اور فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے کولنگ سسٹم کو تباہ کر دیا تھا، جس کی وجہ سے ری ایکٹر پگھل گئے تھے۔
پلانٹ کے گرد ہوا، سمندر اور مٹی میں تابکاری خارج ہوئی جس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو اپنے گھر خالی کرنا پڑے تھے۔
مارچ کے زلزلے کے بعد کئی طاقتور آفٹرشاکس نے علاقے کو ہلایا ہے۔