ٹوکیو: وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ فوکوشیما صوبے کے اسکولوں اور دوسرے عوامی مقامات پر حقیقی وقت میں تابکاری کی پیمائش کرنے والے آلات کی تنصیب کا حکومتی منصوبہ تاخیر کا شکار ہو جائے گا۔
این ٹی وی کے مطابق، یہ منصوبہ، جسے مالی سال 2011 کے ضمنی بجٹ کے تحت فنڈز مہیا کیے گئے ہیں، ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی کے تباہ حال ایٹمی بجلی گھر فوکوشیما نمبر 1 کے نزدیک واقع ایلیمنٹری اسکولوں، پارکوں اور کمیونٹی مراکز میں تابکاری کی پیمائش کے 600 آلات کی تنصیب کا مطالبہ کرتا ہے۔
این ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، وزارت نے مزید انکشاف کیا کہ اس نے ٹوکیو سے تعلق رکھنے والے سپلائر الفا توشن کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا ہے چونکہ فرم نظام میں پائی جانے والی خرابی کو مقررہ تاریخ تک دور کرنے میں ناکام رہی تھی۔ وزارت کے مطابق، منصوبے کا آغاز، جس کا مقررہ وقت ابتدائی طور اکتوبر کے وسط کا تھا، اب فروری کے وسط تک ملتوی ہو جائے گا۔