ٹوکیو: جاپان کے وزیر خزانہ نے منگل کو کہا کہ مالیاتی منڈیاں امریکی کانگریس کی “سپریم کمیٹی” کی طرف سے بڑھتے مالیاتی خسارے پر قابو پانے کے معاہدے پر پہنچنے میں ناکامی پر “بہت مایوس” ہیں۔
“میں دیکھ سکتا ہوں کہ منڈیاں بہت مایوس ہیں،” وزیر خزانہ جون ازومی نے وال اسٹریٹ میں راتوں رات آنے والی گراوٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے معمول کی ایک نیوز کانفرنس کو بتایا۔
“میرا خیال ہے اس کا اثر ٹوکیو کی منڈیوں پر بھی پڑ سکتا ہے،” انہوں نے منگل کو کہا۔
ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج کا نیکی 225 انڈیکس لین دین کے پہلے 30 منٹ میں ہی 0.59 فیصد گر گیا تھا۔
ازومی نے مزید کہا کہ مالیاتی منڈیوں کو یورپ اور امریکہ کے سیاستدانوں کی استعداد پر شبہات ہیں کہ وہ گہری جڑوں والے اقتصادی مسائل حل نہیں کر سکیں گے۔
“اگر باقی دنیا سے موازنہ کیا جائے تو جاپان کی سیاسی صورتحال زیادہ مستحکم ہے،” انہوں نے پیر کو جاپانی قانون سازوں کی طرف سے 12.1 ٹریلین ین کے اضافی بجٹ کو پارلیمان میں کامیابی سے منظوری کو نوٹ کرتے ہوئے کہا۔
اس سال کے تیسرے ضمنی بجٹ کا مقصد زلزلے کے بعد تعمیر نو کی رفتار بڑھانا اور سست عالمی معیشت اور ین کی زیادہ قدر کے خلاف معیشت کو سہارا دینا ہے۔