ووٹر اوساکا کے گورنر اور مئیر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں

اوساکا؛ اتوار کو اوساکا کے ووٹران گورنر اور مئیر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں۔ 40 سال میں پہلی بار گورنر اور مئیر کے الیکشن ایک ہی دن میں ہو رہے ہیں۔

امیدواروں نے ہفتے کو ووٹران کے لیے آخری تقاریر کیں۔

گورنر کے انتخابات میں سات امیدوار میدان میں ہیں جو مئیر کے عہدے کے لیے استعفی دینے والے تورو ہاشیموتو کی جگہ لینے کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ مئیر کا الیکشن ہاشیموتو اور سابقہ مئیر کونیو ہیراماتو کے مابین ہونے والا ایک دو طرفہ مقابلہ ہے۔

گورنر کے انتخاب کے لیے میدان میں موجود سات امیدواروں میں 47 سالہ سابقہ صوبائی اسمبلی رکن اچیرو ماتسوئی، 63 سالہ سابقہ مئیر اکیدا ماؤرو کوراتا، کاروباری شخصیت 60 سالہ ماسارو ناکامورا، 61 سالہ وکیل شوجی اومیدا، کاروباری شخصیت 63 سالہ ماک اکاساکا، صوبائی حکومت کے سابقہ اہلکار 70 سالہ اوسامو کیشیدا اور 69 سالہ استاد ماساکی تاکاہاشی شامل ہیں۔

دلچسپی کا بڑا مرکز مئیر کا الیکشن ہے۔ دونوں امیدوار ایشوز پر ایک دوسرے سے سخت اختلاف رکھتے ہیں، جہاں ہیراماتسو نے ہاشیموتو کی طرف سے اوساکا کو عالمی معیشت کا کھلاڑی بنانے کی مخالفت کی تھی۔

ہاشیموتو نے 31 اکتوبر کو اپنے عہدے کی میعاد ختم ہونے سے 3 ماہ پہلے ہی استعفی دے دیا تھا تاکہ مئیر کے الیکشن میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ ہیراماتسو کی مسلسل مخالفت کی وجہ سے انتظامی اصلاحات کی منزل حاصل نہیں کر پا رہے تھے۔ ہاشیموتو نے نے کہا کہ صوبے اور شہر کے انتظامی افعال میں کئی طرح کے نقائص تھے اور ان میں اختیارات کی جنگ کے بہت سے مواقع پیدا ہوتے تھے۔

ہیراماتسو گراس روٹ پالیسیوں کی وکالت کر رہے ہیں، جو نیچے سے اوپر کو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں میں مقامی برادریوں کی آواز شامل ہونی چاہیے اور کہا کہ ہاشیموتو ایک آدمی کی حکومت کی وکالت کرتے ہیں۔

ہاشیموتو نے کہا کہ وہ شہر اور صوبے کے انتظامی فریم ورک کو مضبوط کریں گے تاکہ ایک نیا اوساکا تشکیل دیا جا سکے جو ٹوکیو اور دنیا کے دوسرے بڑے شہروں سے مقابلہ کرنے کے قابل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اوساکا کو تبدیل کرنا جاپان کو تبدیل کرنے کی طرف پہلا قدم ہے۔

ہیراماتسو کو حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان سے تعلق رکھنے والے شہری اسمبلی کے اراکین اور لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین کی حمایت حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ جاپان کمیونسٹ پارٹی کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ہاشیموتو کو ان کے علاقائی گروپ اوساکا اشن نو کائی (اوساکا کی بحالی کا گروہ) کی حمایت حاصل ہے جسے اوساکا کی صوبائی اسمبلی اور اوساکا میونسپل اسمبلی میں اکثریت حاصل ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.