جاپان فوکوشیما کے ملبے کی صفائی کے لیے دیوقامت واشنگ مشین کی تلاش میں

ٹوکیو: ایک محقق کے مطابق، جاپان سونامی سے پیداشدہ ملبے کو صاف کرنے کے لیے دیوقامت واشنگ مشین کی تلاش میں ہے تاکہ فوکوشیما ایٹمی حادثے کی تابکاری سے جان چھڑائی جا سکے۔

ایک اسکیم کے مطابق فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے قریب ایک صاف کرنیوالا پلانٹ تعمیر کیا جائے گا، جس سے انہیں امید ہے کہ وہ آخر کار ملک کے شمال مشرق میں قصبوں اور شہروں کا صفایا کردینے والی لہروں سے پیداشدہ آلودہ کچرے کو تلف کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

محقق نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹکڑے ٹکڑے ہوا کچرا، جس میں سونامی میں تباہ ہوجانے والے گھروں اور کاروں کی باقیات بھی شامل ہیں، ایک بہت بڑے پانی سے بھرے ڈرم میں رکھا جائے گا جس میں موجود اسٹیل کے ہاتھ ان پر سے تابکار ذرات کو صاف کردیں گے۔

یہ پلانٹ ٹوکیو کی تعمیراتی کمپنی تودا کارپوریشن اور جاپان ایٹمی توانائی کمیشن کا مشترکہ منصوبہ ہے۔

“ہمیں، بطور عمومی ٹھیکیدار، مٹی کو صاف کرنے کا تجربہ ہے، اور امید ہے کہ ہم بالاخر مٹی کے ساتھ ساتھ ملبے کو بھی صاف کرنے میں کامیاب رہیں گے،” تودا کارپوریشن کے ایک محقق نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا۔

اس نے کہا کہ محققین صاف پانی اور ڈیٹرجنٹ استعمال کر کے تجربہ کریں گے تاکہ کچرے کو صاف کرنے کا بہترین طریقہ دریافت کیا جا سکے اور امید ہے کہ وہ چھلنیوں کا ایک سلسلہ استعمال کر کے استعمال شدہ پانی کو بھی بازیافت کر سکیں گے۔

اس نے کہا کہ ابتدائی تجربے میں وہ 120 سینٹی میٹر (چار فٹ) لمبائی کا ٹب استعمال کریں گے اور پراجیکٹ پوری طرح شروع ہونے کے بعد اس سے تین گنا بڑے واشنگ ڈرم استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

11 مارچ کو فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے کولنگ سسٹم سونامی کے ہاتھوں تباہ ہونے اور پلانٹس میں پگھلاؤ کے بعد سے اس کے اطراف میں موجود بڑا علاقہ ایسے ہی صاف کیے بغیر تابکاری سے آلودہ پڑا ہوا ہے۔

چرنوبل کے بعد دنیا کے اس بدترین ایٹمی حادثے کی وجہ سے بلاواسطہ کوئی جان نہیں گئی تاہم اس نے غالباً عشروں تک ہزاروں لوگوں کو تابکاری کی وجہ سے اپنے گھروں اور قصبوں سے بےگھر ہونے پر مجبور کیا ہے۔

تباہ حال ری ایکٹروں سے خارج ہونی والی تابکاری، جس نے سونامی کے بعد پیدا ہونے والے کچرے کو آلودہ کر دیا، نے صفائی کے عمل کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔

حکومت اور پلانٹ آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی نے اس سال کے آخر تک پلانٹ کو کولڈ شٹ ڈاؤن تک لانے کا وعدہ کیا ہے۔

حکومتی منصوبہ سازوں نے کہا ہے کہ تابکاری سے آلودہ ملبہ 30 سال تک فوکوشیما صوبے کی ذخیرہ گاہوں میں محفوظ کیا جاسکتا ہے جب تک کہ اس کی حتمی منزل کا تعین نہ ہوجائے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.