ٹیوٹا نے سالانہ منافع کی پیشن گوئی 54 فیصد کم کر دی

ٹوکیو: ٹیوٹا موٹر کارپوریشن نے جمعے کو اپنے سالانہ منافع آدھے سے زیادہ کم کر دیا۔ ٹیوٹا جاپان کا سب سے بڑا کار ساز ادارہ ہے لیکن مہنگے ین اور تھائی لینڈ کے سیلابوں سے نبرد آزما ہے۔

کمپنی نے اگست کے 390 بلین ین کے تخمینے کو کم کر کے 180 بلین ین کر دیا جس کی وجہ تھائی لینڈ کے سیلاب اور سپلائی چین میں آنے والا تعطل ہے۔

منافع کا تازہ ترین تخمینہ ٹیوٹا کے اپریل، 2011 کو ختم ہونے والے مالی سال کے منافع 408.1 بلین ین سے اچھا خاصا کم ہے۔

کمپنی نے عالمی طور پر گاڑیاں بیچنے کا تخمینہ بھی اگست کے 7.56 ملین کے تخمینے کی بجائے موجودہ مالی سال کے لیے 7.32 ملین کر دیا۔

دیوقامت کار ساز ادارے کی سالانہ آمدن اس سال 18.20 ٹریلین ین رہے گی، جو پچھلے تخمینے یعنی 19.00 ٹریلین ین، اور پچھلے مالی سال کی آمدن 18.99 ٹریلین ین کے مقابلے میں کم ہے۔

آپریٹنگ منافع 200 بلین پر آ جائے گا، جو سال کے شروع میں لگائے گئے تخمینے 450 بلین ین سے قریباً آدھا کم ہے۔

حریف بڑے کار ساز اداروں جیسے ہنڈا نے بھی اس سے پہلے تھائی لینڈ کے سیلابوں کی وجہ سے اپنے سالانہ منافع کے تخمینے کم کر دئیے تھے۔

تھائی لینڈ کے سیلاب نے پہلے ہی جاپانی کار سازوں کے لیے صبر آزما سال کو مزید مشکل کر دیا ہے، جہاں ٹیوٹا جیسی کمپنیاں پرانے بحران سے واپسی کی سعی کر رہی ہیں۔

ٹیوٹا کو ین کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے بارے میں خاص طور پر حساس پایا گیا ہے، جو حالیہ دنوں میں بلند ترین قدر تک پہنچ گیا اور بینک آف جاپان کو اس کی قدر کم کرنے کے لیے مداخلت کرنا پڑی تھی۔

مہنگا ین غیر ملکی آمدن کی قدر کم کردیتا ہے اور جاپانی مال کو بیرونی منڈیوں میں مزید مہنگا کر دیتا ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.