ٹوکیو: جاپان کم آلودگی والی کاروں پر ٹیکسوں میں چھوٹ اگلے تین سال کے لیے بڑھا رہا ہے، تاکہ ملک کی اہم ترین صنعت کار سازی کی مدد ہو سکے۔
بجلی گیس والی دوغلی اور سادہ برقی کاروں پر ابتدائی طور پر ٹیکس چھوٹ اپریل تک کے لیے رکھی گئی تھی، لیکن ہفتے کو کابینہ کے نئے منظور کردہ منصوبے کے مطابق اب یہ اپریل 2015 تک بڑھا دی گئی ہے۔
جاپان کی گاڑیوں کی منڈی کئی برسوں سے جمود کا شکار ہے، تاہم دوغلی (ہائبرڈ) اور دوسری “گرین” کاروں کی طلب، جو ٹیکس چھوٹ، ایندھن کی بچت اور ماحول دوست ہونے کی وجہ سے بڑھی ہے، ایک اکیلا روشن کونہ ہے۔
جاپان پر ضخیم مقدار میں حکومتی قرضہ ہے اور وہ ٹیکس بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم یہ کوشش توازن کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نزاکت سے کیا جانے والا کام ہے چونکہ بھاری ٹیکسوں سے خرچ کرنے کی حوصلہ شکنی ہو گی، اور ملک پہلے ہی 11 مارچ کی آفات سے سنبھل رہا ہے۔
کار سازی کی صنعت جاپانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ گاڑیوں کی کم ہوتی طلب کی وجہ سے فکرمندی بڑھ رہی ہے جبکہ بڑے کار ساز ادارے جیسے ٹیوٹا 11 مارچ کی آفات سے سپلائی میں تعطل اور تھائی لینڈ کے سیلاب سے فیکٹریوں کی بندش جیسے مسائل سے نبرد آزما ہیں۔