عظیم مشرقی جاپانی زلزلے سے تباہ ہونے والے علاقوں میں ملازمتوں کی تعداد اور متلاشیوں کے مابین فاصلہ بڑھ رہا ہے، باوجود یہ کہ تعمیر نو سے متعلق ملازمتوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
پیش کی جانے والے اکثر مواقع جز وقتی یا مختصر مدت کی ملازمتیں ہیں۔ تاہم، بہت سے آفت زدگان، جو بےروزگاری الاؤنس وصول رہے ہیں، کل وقتی مواقع کی تلاش میں ہیں یا اپنی سابقہ کمپنیوں کے دوبارہ کام شروع کرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
ہیلو ورک کامائیشی کے دفتر میں، ملازمت کے مواقع کی تعداد بڑھ رہی ہے، تاہم ان میں سے 70 فیصد قلیل مدتی ملازمتیں ہیں اور درخواست دہندگان کی تعداد کم ہی رہتی ہے۔
بےروزگار آفت زدگان اپنی پرانی تنخواہوں کا 50 سے 80 فیصد تک بےروزگاری الاؤنس لینے کے حقدار ہیں۔
“اگر ان کے بےروزگاری الاؤنس پیشکش کردہ تنخواہوں جتنے ہی ہیں، تو میرے خیال سے لوگ بہتر ملازمتوں کی تلاش میں ہیں، یا پرانی ملازمتوں پر واپس جانے کے منتظر ہیں،” ہیلو ورک کے دفتر کے ایک اہلکار نے کہا۔
صوبہ میاگی میں، جون سے اکتوبر تک ملازمتوں کی تعداد 36 ہزار سے 50 ہزار ہوگئی، تاہم ملازمت حاصل کرنے والوں کی تعداد جون کے 5200 سے اکتوبر میں 4700 تک گر گئی۔
ہیلو ورک کے اشینوماکی، صوبہ میاگی کے دفتر میں قریباً 40 فیصد ملازمتیں مستقل قسم کی ہیں، تاہم ان کے ابھی تک خالی چلے آنے کی ایک وجہ لائسنس اور دوسری اہلیتوں کی شرائط ہیں۔
“[اس مسئلے کا] کوئی فوری حل نہیں ہے،” دفتر کے ایک اہلکار نے کہا۔
بظاہر کچھ لوگ آفتوں کے نفسیاتی اثرات کے وجہ سے بھی کام کرنے کے قابل نہیں ہیں۔
کامیشی کا ایک 61 سالہ بڑھئی، جس کا گھر اور اوزار سونامی بہا لے گیا، اب عارضی رہائش گاہ میں رہتا ہے۔
“اگر میرے پاس میرے اوزار ہوتے، تو سارا کچھ ٹھیک ہوتا،” اس نے کہا۔