ٹوکیو: ہفتے کو جاپانی اخباروں نے وزیراعظم یوشیکو نودا کے اعلان کو، کہ فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر پر کولڈ شٹ ڈاؤن ہو گیا ہے، صرف “ابتدائی طبی امداد” قرار دیا اور کہا کہ ابھی بحالی کے لیے عرصہ دراز درکار ہے۔
نودا نے جمعے کو کہا تھا کہ جاپان کی شمال مشرقی ساحلی پٹی پر موجود ایٹمی بجلی گھر کے تابکاری خارج کرنے والے ری ایکٹروں کو نو ماہ کے بعد آخرکار کولڈ شٹ ڈاؤن تک لے آیا گیا ہے، جو حکام کے مطابق ایک اہم ترین قدم ہے۔
تاہم بیشتر روزناموں نے حکومتی موقف کی دھجیاں اڑا دیں۔
“‘کولڈ شٹ ڈاؤن کی حالت’ کانوں کو بھلی معلوم ہوتی ہے لیکن اصلی حالت اتنی خوش فہمی کی اجازت نہیں دیتی،” لبرل خیالات کے حامل اساہی شمبن نے کہا۔
قدامت پسند یوموری شمبن نے کہا کہ نودا کے اعلان کا مطلب اس سے زیادہ کچھ نہیں تھا کہ “ابتدائی طبی امداد کے اقدامات کی ضرورت ختم ہو گئی ہے،”۔
نیکےئی بزنس ڈیلی نے بھی ان کوششوں کو “ابتدائی طبی امداد” قرار دیا۔