ٹوکیو (کیودو): حکومتی اہلکاروں کے مطابق، حکومت نے تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے اطراف میں واقع بلدیاؤں کو ہفتے کو مطلع کیا ہے کہ وہ متوقع طور پر یکم اپریل سے داخلہ بند علاقوں کی، تابکاری کی زد میں آنے کی تخمینہ شدہ سالانہ حد کے مطابق، دوبارہ درجہ بندی کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
حکومت موجودہ دو تہوں والے داخلہ بند علاقوں کو (جنہیں پچھلی اپریل میں تشکیل دیا گیا تھا) کو اب تین زمروں میں تقسیم کرنا چاہتی ہے، بشمول وہ علاقے جن میں تابکاری کی زد میں آنے کی تخمینہ شدہ سالانہ حد 50 ملی سیورٹس یا اس سے زیادہ ہے اور جہاں کے رہائشیوں کے آنے کا کوئی امکان نہیں۔
دوسرے دو زون اولًا ایسے علاقوں پر مشتمل ہوں گے جن میں تابکاری کی زد میں آنے کی سالانہ حد 20 سے 50 ملی سیورٹس سالانہ ہے، جہاں مکینوں پر پابندیاں ہوں گی؛ اور ثانیاً ایسے علاقے جن میں تابکاری کی زد میں آنے کی حد 20 ملی سیورٹس سے کم ہے جہاں حکومت مکینوں کو واپس آنے کی اجازت دے گی۔
موجودہ داخلہ بند علاقے تباہ حال پلانٹ کے گرد واقع 20 کلومیٹر کے رداس میں واقع علاقوں کو کور کرتے ہیں جبکہ اس میں 20 ملی سیورٹس سالانہ تابکاری کی زد میں آنے والے علاقے بھی شامل ہیں۔
نئی درجہ بندی کے تحت حکومت تابکاری سے صفائی کی کوششوں کو ایک درجہ بلند کرنے اور نسبتاً کم تابکاری والے علاقوں کے رہائشیوں کو واپس آنے میں مدد فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
یوکوئی ایدانو، وزیر برائے معیشت، تجارت و صنعت؛ گوشی ہوسونو ایٹمی بحران کے وزیر اور تاتسوؤ ہیرانو، 11 مارچ کے زلزلے و سونامی سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے انچارج وزیر؛ نے فوکوشیما کے گورنر یوہےئی ساتو اور 11 پلانٹ کے قریب واقع دوسری بلدیاتی حکومتوں کے نمائندوں کو فوکوشیما شہر میں اتوار کو ہونے والی ایک ملاقات میں اس کی اطلاع دی۔