کیبنٹ آفس کے مطابق، ایک سالانہ حکومتی سروے کے جواب دہندگان کی اکثریت – 59 فیصد – نے کہا کہ وہ عظیم مشرقی جاپانی زلزلے کے بعد بجلی بچانے کے بارے میں زیادہ باشعور ہو گئے ہیں۔
عوامی خیالات جاننے کے لیے کرائے گئے اس سروے کے نتائج ہفتے کو جاری کیے گئے جن میں ایک نیا سوال بھی شامل تھا جس کے کئی ایک جوابات کی اجازت تھی: “کیا آپ 11 مارچ کی آفت کے بعد زیادہ باشعور ہوئے ہیں؟”۔
حکومتی اہلکاروں کا خیال ہے کہ لوگوں کی اکثریتی شرح فیصد نے آفات کے فوراً بعد اور ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی کے فوکوشیما نمبر 1 ایٹمی بجلی گھر کے بحران کے باعث ہونے والی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث بجلی کی بچت کا ذکر کیا۔
دوسرا سب سے زیادہ دیا جانے والا جواب، جسے 44.9 فیصد جوابدہندگان نے چنا، “مستقبل کی آفات کے لیے تیاری” تھا۔
مزید برآں، 40.3 فیصد نے “اہل خانہ اور اعزا کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زیادہ زور” کو چنا، اور 38 فیصد نے “ہمیں افواہوں سے متاثر نہیں ہونا چاہیے” کو چنا۔
کیبنٹ آفس کے ایک اہلکار نے کہا، “بجلی کی بچت کا زیادہ شعور کانتو کے علاقے میں دیکھا گیا، اور اہل خانہ اور اعزا کو زیادہ اہمیت دینے کا رجحان توہوکو کے علاقے میں زیادہ پایا گیا،”۔
یہ سروے اکتوبر سے کیا گیا تھا جس میں 20 سال یا زیادہ عمر کے 10,000 سے زیادہ لوگوں نے پورے ملک سے حصہ لیا۔