حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کے تین اراکین نے اس ہفتے کہا کہ وہ پارٹی چھوڑنے کا سوچ رہے ہیں چونکہ اس نے 2009 کے انتخابی منشور میں کیے گئے کلیدی وعدے توڑ دئیے ہیں؛ اس سے ڈی پی جے چھوڑنے کا عندیہ دینے والے قانون سازوں کی تعداد بدھ تک نو ہو گئی ہے۔
تازہ ترین تین اراکین میں سے تاکاشی اشی زیکا کا تعلق صوبہ گونما سے ہے، جنہوں نے کہا کہ وہ یامبا ڈیم کی تعمیر پھر سے شروع کرنے کے وزیراعظم یوشیکو نودا کے فیصلے کی وجہ سے پارٹی چھوڑ رہے ہیں؛ یوسونوری سائیتو جن کا تعلق صوبہ میاگی سے ہے، جنہوں نے تجویز کردہ کنزمپشن ٹیکس کی مخالفت کی؛ اور اکیرا اُچی یاما جن کا تعلق صوبہ چیبا سے ہے، اور وہ بھی کنزمپشن ٹیکس کے مخالف ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں، کنزمپشن ٹیکس بڑھانے کی تجویز پر ڈی پی جے کے اندر شگاف پیدا ہوا ہے، جبکہ مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس جاپان کی اقتصادی حالت کو اور خراب کر دے گا۔
پارٹی کے ایک دھڑے، جو ٹیکس کی مخالفت کر رہا ہے، نے ٹیکس بڑھانے کی پیشگی شرط کے طور پر جاپان کی اقتصادی ترقی کے لیے ہندسوں میں ہدف مقرر کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔