حکومت نے بدھ کو کہا کہ جاپان نے 2011 میں ابھی تک کوئی سزائے موت نہیں دی؛ جس سے یہ سال دو عشروں میں پہلا سال بن گیا ہے جس کے دوران ایک بھی سزائے موت پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
بڑے روزنامے آساہی شمبن کے مطابق، وزیر انصاف ہیدیو ہیراؤکا نے بھی سال کے بقیہ دنوں میں کسی قیدی کو پھانسی کا حکم دینے کا ارادہ ظاہر نہیں کیا۔
“میرا نہیں خیال کہ یہ اپنے آپ میں کوئی بہت اہمیت کی حامل چیز ہے،” ہیراؤکا نے منگل کو ایک نیوز کانفرنس کو بتایا جب ان سے سزائے موت کے بغیر سال کے بارے میں پوچھا گیا۔
وزارت کے ترجمان نے کہا کہ سزائے موت کے منتظر قیدیوں کی تعداد 2010 کے 111 کے مقابلے میں رواں سال 27 دسمبر تک 129 ہو گئی ہے۔
جاپان میں پچھلی سزائے موت جولائی 2010 میں دی گئی جب اس وقت کی وزیر انصاف کیکو چیبا، جو سابقہ سماجیات دان اور وکیل تھیں، نے، سزائے موت کی مخالف ہونے کے باوجود، دو قاتلوں کی سزائے موت کی منظوری دی۔
ایک غیرمعمولی حرکت کرتے ہوئے چیبا نے سزائے موت کا خود معائنہ کیا اور اس کے بعد میڈیا کو ‘ٹوکیو ڈیٹنشن ہاؤس’ میں واقع پھانسی گھاٹ کا معائنہ کرنے کی اجازت دی تاکہ سزائے موت پر عوامی بحث مباحثے میں تیزی لائی جا سکے۔
امریکہ کے علاوہ جاپان اکلوتا صنعتی جمہوری ملک ہے جو سزائے موت پر عملدرآمد کرواتا ہے، جس پر ٹوکیوکو یورپی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے بار بار احتجاج برداشت کرنا پڑے ہیں۔