ٹوکیو: توشیبا کارپ کا کہنا ہے کہ اس نے بیمار فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے گرد واقع علاقے کی مٹی کو تابکاری سے پاک کرنے کے لیے ایک انقلابی نئی ٹیکنالوجی ڈیزائن کی ہے۔
یہ ٹیکنالوجی اصل میں ایٹمی بجلی گھر پر تابکار پانی کو صاف کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی تھی، تاہم اس کے ڈویلپروں کا کہنا ہے کہ یہ تابکار مٹی سے بھی 97 فیصد تک سیزیم کو صاف کر دیتی ہے۔
توشیبا نے ایک بیان میں کہا کہ فی الحال یہ آلہ ایک دن میں 1.7 ٹن مٹی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم نظری طور پر یہ ممکن ہے کہ اس مشین کی پروسیسنگ کی صلاحیت کو موجودہ مقدار سے 100 گنا زیادہ تک بڑھایا جا سکے۔ یہ آلہ قلمی جاذب مادے استعمال کرتا ہے جن میں مائعات، مٹی اور فضلے سے منتخب تابکار آئن ختم کرنے کی صلاحیت ہے۔
توشیبا یہ دعوی بھی کرتا ہے کہ یہ مشین کوڑاکرکٹ جلانے والے پلانٹس سے پیداشدہ تابکار راکھ کو بھی تابکاری سے پاک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کمپنی کو امید ہے کہ یہ مشین پورے ملک میں تابکار مادوں سے نمٹنے کے مسائل کا حل پیش کر سکے گی۔
ٹی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق توشیبا منصوبہ بندی کر رہا ہے کہ اگلے ماہ پورے ملک میں ایک تربیتی ورکشاپ منعقد کروائی جائے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پورے ملک کی مقامی حکومتیں اور دوسری تنظیمیں اس مشین کو ٹھیک طرح سے چلانے کے قابل ہیں۔