ٹوکیو: آساہی سافٹ ڈرنکس کمپنی نے ایک وینڈنگ مشین بنائی ہے جو مفت وائی فائی انٹرنیٹ کنکشن پیش کرتی ہے۔
کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ ٹوکیو، سیندائی، چوبو اور کینکی ریجن کے ساتھ ساتھ فوکوکا میں بھی اس ماہ 1000 وائی فائی والی وینڈنگ مشینیں پہنچا دی جائیں گی۔ اس نے کہا کہ وہ اس تعداد کو اگلے پانچ سالوں میں دس ہزار کرنے کا سوچ رہی ہے۔
آساہی کے مطابق، مفت انٹرنیٹ سروس، جو فری موبائل کے ساتھ فراہم کی جائے گی، دو طریقوں سے دستیاب ہو گی۔ ایک طریقے میں ای میل کے ذریعے رجسٹریشن کروانی ہو گی، جبکہ دوسرے میں ایسا نہیں ہو گا۔ آساہی کا کہنا ہے کہ دونوں طریقوں سے سروس بلامعاوضہ ہو گی۔
آساہی کے مطابق انٹرنیٹ استعمال کے سیشن 30 منٹ کے بعد منقطع ہو جائیں گے، جبکہ وائرلیس ہاٹ اسپاٹ کی رینج آساہی وینڈنگ مشینوں کے گرد پچاس میٹر کے رداس میں دستیاب ہو گی۔ WPA2-PSK سیکیورٹی بھی مہیا کی جائے گی۔