ٹوکیو: صوبہ ایواتے سے 11 مارچ کے سونامی کے ہاتھوں بہہ جانے والی ایک چھوٹی سی کشتی 1500 کلومیٹر دور ملک کے دوسرے کنارے پر صوبہ ہیوگو میں سطح سمندر پر ابھر آئی۔
یہ کشتی، جو قریباً دس ماہ سے لاپتہ تھی، آخری بار اُتسوچی میں دیکھی گئی تھی اور اس کا رخ بحر الکاہل کی طرف تھا۔ اسے ایک مقامی ماہی گیر کشتی نے 31 دسمبر کو بحر جاپان میں، کیوتو کے مغرب میں واقع ایک قصبے کامی کے قریب ڈولتے ہوئے پایا۔
پولیس کے مطابق، کشتی کا 63 سالہ مالک چوئیچی نوزاکی اس وقت سونامی کی زد میں آ کر مر گیا جب وہ کشتی چھوڑ کر گھر دیکھنے جا رہا تھا۔
این ٹی وی کے مطابق، کشتی نے بحر جاپان کی طرف اپنا سفر کیسے مکمل کیا، یہ بات کوسٹ گارڈز کے لیے ایک معمہ بنی ہوئی ہے چونکہ سونامی کا زیادہ تر ملبہ بحر الکاہل میں مشرق کی طرف بہا ہے۔