اگرچہ نیشنل پولیس ایجنسی (این پی اے) سائیکل سواروں کو نصیحت کر رہی ہے کہ وہ سڑکیں استعمال کریں، تاہم ٹوکیو میٹروپولیٹن حکومت سائیکل سواروں کے لیے فٹ پاتھ کے استعمال کی اپنی پالیسی پر قائم ہے۔
ٹوکیو حکومت کار ٹریفک، گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے جگہ کی طلب اور سڑکوں کے کنارے موجود دوکانوں کی خواہشات کو اپنی پالیسی کی وجہ قرار دیتی ہے جس کے مطابق وہ سائیکل سواروں کے لیے فٹ پاتھوں پر الگ راستے بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
تاہم کچھ ماہرین نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ یہ پالیسی سائیکل سواروں کی حفاظت اور سائیکلوں کے فروغ کے لیے نقصان دہ ہے۔
ٹوکیو میٹروپولیٹن حکومت نے مارچ 2010 میں ایک پروگرام ترتیب دیا تھا جس میں سائیکلوں کے لیے راستے اور سڑک کی چوڑائی اور ٹریفک کے حجم کے حساب سے سائیکل سواروں کے لیے جگہ کی فراہمی (راستے کی چوڑائی) وغیرہ کی ہدایات تھیں۔
خصوصاً حکومت نے اس بات پر تحقیق کی تھی کہ آیا چار میٹر چوڑا راستہ ہر فٹ پاتھ کے لیے مختص کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔