پتا چلا ہے کہ سائیتاما صوبے کی حکومت نے سونامی کے خلاف حفاظتی اقدامات کو اپنے علاقائی حادثاتی انتظام کے منصوبے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہو گا کہ خشکی میں گھرا کوئی صوبہ سونامی کے نقصانات کو اپنے حادثات سے نمٹنے کی تیاریوں میں شامل کرے۔
یہ ایک نظرثانی پروگرام کا حصہ ہے جس میں ماہرین نے عظیم مشرقی جاپانی زلزلے کے اثرات کا مطالعہ کرنے کے بعد کہا تھا کہ سونامی مستقبل میں خلیج ٹوکیو سے ٹکرا سکتا ہے اور دریائے اراکاوا میں سفر کرتے ہوئے اوپر چڑھ سکتا ہے۔ دریائے اراکاوا ٹوکیو سے سائیتاما صوبے میں بہتا ہے۔
2005 میں ٹوکیو کے شہری علاقے میں مرکز رکھنے والے ممکنہ زلزلے پر اپنی رپورٹ میں حکومت کی سنٹرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کونسل نے اندازہ لگایا تھا کہ خلیج ٹوکیو میں 50 سینٹی میٹر تک کا سونامی دیکھا جا سکتا ہے۔
کونسل نے مزید اندازہ لگایا تھا کہ اگر نانکائی ٹرف کے ساتھ توناکائی یا نانکائی زلزلہ آیا تو ایک یا دو میٹر سے کم اونچائی والا سونامی خلیج ٹوکیو سے ٹکرا سکتا ہے۔
کونسل کے تکنیکی تفتیشی پینل نے 11 مارچ کی آفت کے بعد سونامی کے خلاف حفاظتی اقدامات پر نظر ثانی کی تھی۔