وزیراعظم یوشیکو نودا کو خاصے متنازع ٹیکس بڑھانے کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے جاپانیوں کی اکثریت کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اور رائے شماریوں سے انکشاف ہوا ہے کہ اکثر اس کے مخالف ہیں۔
تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ جاپان کے پہاڑ بنتے قرضے سے نبٹنے کے لیے یہ منصوبہ ضروری ہے، جو اس وقت جی ڈی پی کا 200 فیصد ہو چکا ہے۔
کیودو نیوز ایجنسی کے مطابق، تاہم 79.5 فیصد جاپانیوں نے نودا کے کنزمپشن ٹیکس کو پانچ سے دس فیصد کرنے کے منصوبے کو حکومتی اخراجات کم کیے بغیر لاگو کرنے کی مخالفت کی ہے۔
نودا کی طرف سے جمعے کو کابینہ میں ردوبدل کے بعد یہ رائے شماریاں میڈیا کی طرف سے کروائی گئیں تھیں۔
جب یہ پوچھا گیا کہ نئی کابینہ کے لیے ترجیح کیا ہونی چاہیے تو 43.7 فیصد نے انتظامی اور مالیاتی اصلاحات کا حوالہ دیا تاکہ ان کے ذریعے ٹیکس کی رقم کا بےدریغ استعمال روکا جا سکے۔
اہم اخبار یموری شمبن کے مطابق 55 فیصد جاپانیوں نے ٹیکس بڑھانے کی مخالفت کی جبکہ 39 فیصد نے حمایت کی۔
ایک اور بڑے اخبار، آساہی شمبن، نے کہا کہ 57 فیصد جواب دہندگان ٹیکس بڑھانے کے منصوبے کے مخالف تھے۔