فوکوشیما نمبر ایک ایٹمی بجلی گھر کے بحران کے بعد حکومت کے توسیع شدہ انخلائی علاقے کی ایک کان سے حاصل کیے جانے والے تابکار پسے ہوئے پتھر کے ٹکڑے ایک آبپاشی کے نالے اور نیہوماتسو شہر، صوبہ فوکوشیما میں ایک اسکول کے باہر سڑک کی مرمت میں استعمال کیے گئے تھے۔
وزارت معیشت، تجارت اور صنعت نے کہا کہ پسے ہوئے پتھر کے تمام زیر سوال ٹکڑے نامےئی کے قصبے سے دو ریڈی مکس کنکریٹ کمپنیوں، جن میں سے ایک نیہوماتسو شہر اور دوسری موتومیا شہر میں ہے، اور صوبے میں 17 تعمیراتی کمپنیوں کو فراہم کیے گئے۔
وزارت نے کہا کہ دستاویزات بتاتی ہیں کہ پسا ہوا پتھر نیہوماتسو کمپنی نے 100 سے زیادہ مختلف کاروباروں کو فروخت کیا تھا، جبکہ موتومیا کمپنی نے یہ مال درجنوں فرموں میں تقسیم کیا۔ وزارت نے مزید کہا کہ پسے ہوئے پتھر کے ٹھیک ٹھیک راستے کا پتا چلانا مشکل ہے۔
یومیوری شمبن نے یہ مال خریدنے والی 17 میں سے 11 تعمیراتی فرموں سے بات چیت کی، اور ان میں سے سب نے کہا کہ انہوں نے پسا ہوا پتھر صوبہ فوکوشیما میں استعمال کیا ہے۔ کاواماتا ٹاؤن کمپنی، جس نے 500 ٹن پسا ہوا پتھر خریدا تھا، کے ایک سینئر اہلکار نے کہا کہ مال سڑکیں بنانے میں استعمال کیا گیا اور ایسی کوئی بھی افواہ نہیں تھی کہ مال تابکار مادوں سے آلودہ رہا ہے۔