نسان نے بدھ کو آئی فون کے لیے ‘انتہائی ضروری’ لوازمے کا اعلان کیا، جو کہ حیرت انگیز ٹیکنالوجی پر مشتمل آئی فون کیس ہے جو خودبخود ٹھیک ہو سکتا ہے۔
نسان اسکریچ شیلڈ آئی فون کیس میں اپنی طرز کی پہلی خوبخود ٹھیک ہونے والی پینٹ ٹیکنالوجی شامل ہے، جو 2005 میں دنیا میں پہلی بار ایجاد کی گئی اور اب نسان اور انفینیٹی کے کئی ایک ماڈلز میں استعمال ہوتی ہے۔ اب یہ حیرت انگیز ٹیکنالوجی ایک ایسے آلے پر لاگو کی گئی ہے جس پر روزمرہ استعمال کی وجہ سے ہمیشہ لکیریں اور نشان پڑنے کا خدشہ رہتا ہے۔ تاہم نسان کے نئے اسکریچ شیلڈ کیس کو استعمال کرنے کا مطلب ہے کہ آئی فون کے شائقین اسے لمبے عرصے تک بہترین حالت میں رکھ سکتے ہیں۔
نسان نے جامعہ ٹویو اور سافٹ میڑیلز انکارپ کے تعاون سے یہ انوکھا اسکریچ شیلڈ پینٹ فنش متعارف کروایا ہے، جو ابتدائی طور پر کاروں میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا تھا، اور نسان مورانو، 370 زیڈ، اور ایکس ٹریل کے علاوہ انفینیٹی سلسلے کی مختلف مصنوعات کے لیے دستیاب ہے۔ اب، نسان نے پھر پہل کرتے ہوئے، یہ ٹیکنالوجی یورپ میں گاڑیوں کے علاوہ کسی مصنوعہ میں متعارف کروائی ہے، اور اس کا نام ہے نسان اسکریچ شیلڈ آئی فون کیس۔
نسان اسکریچ شیلڈ آئی فون کیس گاڑیوں سے متعلق کئی ایک انجینئرنگ اختراعات کو استعمال کر کے ڈیزائن کیا گیا ہے اور یہ اچھی طرح فٹ ہونے والے ٹائٹ کیس پر عرصہ دراز تک چلنے والی پینٹ کی تہہ مہیا کرتا ہے۔