ٹوکیو: حکومت نے جمعے کو کہا کہ کنزمپشن ٹیکس (شوهی زے) میں تجویز کردہ پانچ سے دس فیصد اضافے سے حاصل ہونے والا ریونیو صرف سوشل سیکیورٹی کے اخراجات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
این ایچ کے کے مطابق، نائب وزیر اعظم اتسویا اوکادا نے ان خیالات کا اظہار کابینہ کے چار دوسرے وزرا سے ملاقات کے بعد کیا۔ وزرا نے کہا کہ 2.7 ٹریلین ین (1 فیصد) کو سوشل ویلفیئر سسٹم کو سہارا دینے، کم آمدنی والوں پر انشورنس دینے کا بوجھ کم کرنے اور ڈے کئیر مراکز کی تعداد بڑھانے جیسے اقدامات کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 10.8 ٹریلین ین (چار فیصد) کو موجودہ سوشل سیکیورٹی سسٹم کو مستحکم کرنے، پنشن میں حکومتی حصے کو پچاس فیصد پر رکھنے اور بوڑھوں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
وزیراعظم یوشیکو نودا کا کہنا ہے کہ جاپان کو فوری طور پر اپنا قرضے کا بوجھ اتارنے کی ضرورت ہے چونکہ قوم بوڑھی ہوتی جاتی ہے اور افرادی قوت کم ہو رہی ہے، جس سے سوشل سیکیورٹی اور ٹیکس کے نظام پر مزید بوجھ پڑ رہا ہے۔