جاپان: جاپانی الیکٹرونکس دیو این ای سی نے جمعرات کو کہا کہ وہ پوری دنیا میں دس ہزار ملازمتوں پر چھری پھیرنے جا رہا ہے۔ جبکہ اس نے کہا کہ پچھلے نو مہینوں میں اس کا خسارہ قریباً دو گنا ہو گیا ہے۔
تیسری سہ ماہی کے نتائج کے موقع پر دی گئی ایک پریزنٹیشن میں اس نے کہا کہ وہ مارچ 2012 کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے 100 ارب ین کے خسارے کا تخمینہ لگا رہا ہے اور منافع بھی ادا نہیں کرے گا۔
اس نے کہا کہ وہ جاپان میں لوگوں کی تعداد سات ہزار، جبکہ بیرونی ممالک میں تین ہزار کم کر دے گا۔
اس سے پہلے کمپنی نے رواں مالی سال کے لیے 15 ارب ین کے خسارے کا تخمینہ لگایا تھا، تاہم اب اس پر نظر ثانی کر کے 100 ارب ین کر دیا ہے، اگرچہ وہ 70 ارب ین کا منافع بھی کمائے گا۔
نتائج کے اجرا سے قبل ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج میں این ای سی کے شئیرز بلا تبدیلی 168 ین پر بند ہوئے۔