ٹوکیو: ملک کے تیسرے بڑے کار ساز ادارے ہنڈا موٹرز نے جمعے کو کہا کہ 2011 میں اسے اپنی عالمی پیداوار میں 20 فیصد گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
ادارے کے مطابق، اس نے موٹر سائیکلوں کے علاوہ 2011 میں 2.91 ملین گاڑیاں تیار کیں، جو 20.2 فیصد کم تھیں۔ کار ساز ادارے کو قدرتی آفات، مہنگے ہوتے ین اور یورپ کی معاشی سست رفتاری کے ہاتھوں یہ سب سہنا پڑا۔
یہ اعداد و شمار اس وقت سامنے آئے ہیں جب جاپان کی بڑی کار ساز فرموں نے اپنے 2011 کے پیداواری اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
ٹیوٹا، جس نے اس ہفتے کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ دنیا کا نمبر ایک کار ساز ہونے کا اعزاز اس سے چھن گیا ہے، نے 7.86 ملین گاڑیاں تیار کرنے کا اعلان کیا تھا، جو کہ 8.2 فیصد کم تعداد ہے۔
نسان، جس میں 44.3 فیصد شئیر فرانسیسی شراکت دار رینالٹ کے ہیں، ہی وہ اکلوتا جاپانی کار ساز ادارہ تھا جو جاپانی زلزلے اور تھائی لینڈ کے سیلابوں کے باوجود اپنی سالانہ عالمی پیداوار میں اضافہ کر سکا۔
اس نے 4.63 ملین یونٹ پیدا کیے جو اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں 14.3 فیصد زیادہ تھے، جبکہ اس کی فروخت 4.67 ملین گاڑیوں کی ریکارڈ سطح تک جا پہنچی۔
ملک کے چوتھے بڑے کار ساز ادارے متسوبشی موٹرز نے 1.14 ملین گاڑیاں تیار کیں جو پیداوار میں 2.8 فیصد کمی کا اظہار کرتی ہیں۔