پیرس: وزیراعظم یوشیکو نودا نے ہفتے کو یوروزون پر زور دیا کہ وہ اپنے قرضے پر جلد از جلد گرفت مضبوط کرے۔ انہوں نے اسے عالمی معیشت کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔
نودا نے سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ ڈیوس فورم سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصل میں یہی عالمی مشیعت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ عالمی برادری اور مارکیٹوں کے خدشات دور کرنے کے لیے یوروزون میں بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔
نودا نے کہا کہ جاپان یورپی کوششوں کی جہاں تک ہو سکا مدد کرنے کو تیار ہے، انہوں نے اس موقع پر یاد دلایا کہ جاپان نے یورپی مالیاتی استحکام کے فنڈ میں حصہ ڈالا تھا جس کا مقصد دیوالیہ پن کا شکار معیشتوں کو مدد فراہم کرنا تھا۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ یورپی ممالک کو مارکیٹ کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے لمبی جدوجہد کرنا ہو گی۔ جاپان نے اپنی ٹرپل اے کریڈٹ ریٹنگ 2001 میں کھو دی تھی اور ابھی تک اسے واپس حاصل نہیں کر سکا۔
نودا نے اجتماع کو یہ بھی بتایا کہ جاپان اپنے پچھلے سال کے زلزلے و سونامی سے بحال ہو رہا ہے اور انہوں نے مدد کرنے پر عالمی برادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان کاروبار کے لیے بہت زیادہ اوپن ہے، اور انہوں نے غیرملکی کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔