ٹوکیو: وزارت صحت کے کئیر ورکر ٹریننگ پروگرام کے پہلے 95 درخواست دہندگان کا گروپ اتوار کو اسناد کے لیے تحریری امتحان دے گا۔
وزارت صحت نے کہا کہ 94 انڈونیشی اور ایک فلپائنی، جو 2008 اور 2009 میں جاپان آئے تھے، کو جاپان میں مجموعی طور پر چار سال ٹھہرنے کی اجازت ہے، تاہم امتحان میں بیٹھنے کے لیے ان کے پاس تربیتی مدت کے دوران طبی دیکھ بھال کا کام کرنے کا کم از کم 3 سالہ تجربہ ہونا چاہیے۔ اس کی وجہ سے یہ اتوار ان کے لیے امتحان دینے کا پہلا اور آخری موقع ہے، چونکہ بعد میں ان کو مزید ٹھہرنے کی اجازت نہیں ملے گی۔
غیرملکی کارکن برائے طبی دیکھ بھال کی اسکیم جاپان میں بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی کی دیکھ بھال کے لیے طبی کارکنوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے شروع کی گئی تھی۔
تحریری امتحان 12 مختلف موضوعات پر مشتمل ہے، جس میں ایڈوانس کانجی بھی شامل ہے۔ تحریری امتحان کے علاوہ، اس میں عملی امتحان بھی شامل ہے جو مارچ میں ہو گا جس کے بعد 28 مارچ کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
اس اسکیم کو کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ یہ طلبا سے غیرحقیقت پسندانہ تقاضے کرتی ہے، اور انہیں پڑھائی کا تھوڑا وقت دینے کے باوجود جاپانی زبان میں ان سے اعلی درجے کی مہارت کی توقع کی جاتی ہے۔
اگر امیدوار امتحان پاس نہ کر سکے تو انہیں اپنے آبائی ممالک واپس جانا ہو گا۔