واشنگٹن: عالمی مالیاتی فنڈ نے پیر کو کہا کہ جاپان کو اپنا پہاڑ سا قرضہ نیچے لانے کے لیے کنزمپشن ٹیکس کو تین گنا کرنا ہو گا۔
آئی ایم ایف کے ایشیائی چیف انوپ سنگھ نے کہا کہ جاپان کا موجودہ کنزمپشن ٹیکس صرف پانچ فیصد ہے، جو کہ دنیا میں کم ترین شرح ٹیکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سمجھ کے مطابق کنزمپشن ٹیکس کو 2015 کے بعد تک یکدم کی بجائے آہستہ آہستہ کر کے 15 فیصد تک بڑھانا اسے دوسرے ممالک کی شرح کے برابر لے آئے گا۔
وزیراعظم یوشیکو نودا نے پہلے ہی کنزمپشن ٹیکس کو 10 فیصد کرنے کی تجویز پیش کی ہوئی ہے، تاہم انہیں سخت عوامی اور سیاسی مزاحمت کا سامنا ہے۔
سنگھ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ان کے منصوبے کا خیرمقدم کیاتھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اپنا قرضہ کم کرنے کی ضرورت ہے جو کہ جی ڈی پی کا 200 فیصد بنتا ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں بلند ترین مقدار کا حامل ہے۔
سنگھ نے کہا کہ کسی نہ کسی طرح کنزمپشن ٹیکس (میں اضافہ) ہی اس کا سب سے بہترین حل لگتا ہے۔
یہ حل زیادہ ترقی دوست اور دوسرے متبادلات کے مقابلے میں کم مسائل پیدا کرنے والا انتخاب ہے۔
سنگھ نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ سوشل سیکیورٹی اور دوسرے اخراجات میں اصلاحات کا پیکج قرضے کی نسبت (ڈیبٹ ریشو) کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔