ٹوکیو: ٹی وی کی گرتی فروخت، مہنگے ین اور تھائی لینڈ میں سیلابوں کی وجہ سے پیدواری تعطل کے مارے ہوئے سونی کارپوریشن نے جمعرات کو اکتوبر-دسمبر کی سہ ماہی کے لیے 159 ارب ین کے نیٹ لاس کا اعلان کیا اور عندیہ دیا کہ وہ سال کے بقیہ تین مہینوں میں مزید نقصان برداشت کر سکتا ہے۔
جاپانی الیکٹرونکس اور تفریحی کمپنی، جس نے ایک دن پہلے اعلان کیا تھا کہ یکم اپریل سے موجودہ سی ای او ہاورڈ اسٹرنگر کی جگہ کازوؤ ہیرائی لے لیں گے، نے کہا کہ مارچ تک ختم ہونے والے رواں مالی سال کے لیے اس کا خسارے کا تخمینہ 220 ارب ین ہے، جو پچھلے تخمینے سے 90 ارب ین زیادہ ہے۔
یہ سونی کے لیے خسارے کی سرخ روشنائی سے لکھا جانے والا مسلسل چوتھا سال ہو گا، اگرچہ اس نے حالیہ سالوں میں اخراجات میں کمی اور تنظیم نو کی کئی ایک کوششیں کی ہیں۔