ٹوکیو: تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کو مستحکم قرار دینے کے دو ماہ سے بھی کم عرصے میں یہاں سے تابکاری پانی کے رساؤ کے واقعات مزید عام ہونے لگے ہیں۔
یہ مسئلہ ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی کو درپیش مسلسل چیلنجوں میں سے ایک ہے جن سے وہ پلانٹ کو قابو میں رکھنے کے لیے نبرد آزما ہے۔ ری ایکٹروں کی چاروں عمارات عرصہ دراز سے ماہرین کے لیے فکرمندی کا ذریعہ بنی ہوئی ہیں چونکہ اس کے استعمال شدہ ایندھن کے پول کا گرنا تین ری ایکٹروں کے پگھلاؤ سے بھی بدترین سانحہ بن سکتا ہے۔
کمپنی کے ترجمان ماتسوموتو نے کہا کہ سرد موسم کی وجہ سے پلانٹ میں کئی جگہوں پر پائپوں میں پانی جم گیا ہے، جس کی وجہ سے جنوری کے آخر سے 30 مقامات سے پانی رساؤ کا شکار ہوا ہے۔
اہلکاروں کو تابکار پانی کے اطراف میں موجود سمندر تک پہنچنے کے کسی قسم کے آثار نہیں ملے۔