حکمران ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) خودکشی روکنے کی مہم کے نعرے پر تنقید کی زد میں ہے۔ یہ نعرہ مقبول ترین آل گرل گروپ AKB48 کی نقل لگتا ہے۔
پیر کو دائت کے اجلاس کے دوران، ڈی پی جے کے ایک رکن نے خود کشی مخالف نعرے کو “انتہائی غیرمناسب” قرار دیا۔
یہ نعرہ، جسے پچھلے ماہ متعارف کروایا گیا تھا، پہلے ہی طبی ماہرین کی تنقید کے ساتھ ساتھ ڈی پی جے اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کی تنقید کا نشانہ بن چکا ہے، جنہیں اس کے انداز پر اعتراض ہے، جبکہ یہ اس کے ساتھ ساتھ AKB48 کی سستی نقل بھی لگتا ہے۔
جاپانی میں اس نعرے کا مطلب “اپنے آپ کو جی کے بی 47 کا حصہ بناؤ” ہے۔ مخفف ‘جی کے’ کا مطلب “گیٹ کیپر یعنی چوکیدار” ہے، جو کہ جاپان میں ایسے شخص کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو کسی دوسرے شخص میں ڈیپریشن کی علامات پہچان لیتا ہے اور اسے علاج کروانے کا مشورہ دیتا ہے، جبکہ ‘بی’ کا مطلب “بیسک یا بنیادی” ہے جس کا بظاہر مطلب یہ ہے کہ خودکشی روکنا ہر ایک کا “بنیادی” فرض ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی خصوصی تربیت کی ضرورت نہیں۔
47 جاپان کے 47 صوبوں کو ظاہر کرتا ہے۔
ڈی پی جے رکن دائیگو ماتسوورا اس نعرے پر مشتمل پوسٹر دائت میں لے کر آئے، اتنے سنجیدہ مسئلے کو ہلکے انداز میں لینے پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا اور AKB48 کے برانڈ کے استعمال کو”انتہائی غیر مناسب” قرار دیا۔