سان فرانسسکو: مائیکروسافٹ نے بدھ کو اپنے تازہ ترین کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم سافٹویر ‘ونڈوز’ کے آزمائشی ورژن کے اجرا کے منصوبے کا اعلان کیا۔
امریکی ٹیکنالوجی دیو نے ‘ونڈوز کنزیومر پری ویو’ نامی ایونٹ کے دعوت نامے بھیجے ہیں جو 29 فروری کو بارسلونا میں ہونے والی ایک موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر شہر کے ایک ہوٹل میں منعقد ہو گا۔
مائیکروسافٹ نے وعدہ کیا کہ وہ اس اجرا کی مزید تفصیلات مہینے کے آخر تک جاری کر دے گا۔
ونڈوز 8 کے آزمائشی یا بی ٹا ورژن کے عوام سے تعارف کے موقع پر ایک عدد “ایپ اسٹور” کا اجرا بھی متوقع ہے جس میں اگلی نسل کے اس آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے ننھے منے پروگرام فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
مائیکروسافٹ دسمبر سے ہی فروری میں ہونے والے اس ایونٹ اور ونڈوز اسٹور کے افتتاح کے لیے ڈویلپرز کو للچا رہا تھا تاکہ وہ اپنے اطلاقیے (ایپلی کیشنز) اس میں پیش کریں۔
یہ اسٹور ایپل اور گوگل کے ایپ اسٹورز کے مقابلے پر جاری کیا جا رہا ہے جو پہلے ہی اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس اور کمپیوٹرز کے لیے تفریحی، اور فنکشنل پروگرام فروخت یا بلامعاوضہ پیش کر رہے ہیں۔