ٹوکیو: سپریم کورٹ نے 375 اساتذہ اور تعلیمی ماہرین کی جانب سے دائر کی جانے والی ایک درخواست کو مسترد کر دیا ہے، جس میں جاپانی اسکولوں میں ‘کیمی گایو’ گانے کے جبری نفاذ پر پابندی لگانے کا کہا گیا تھا۔ کورٹ نے 4-1 سے قرار دیا کہ یہ احکامات آئینی ہیں۔
یہ معاملہ اساتذہ میں ایک عرصے سے باعث تنازع رہا ہے جنہوں نے اسکولوں میں ‘کیمی گایو’ پر کھڑے ہونے اور اسے گانے سے انکار کیا تھا۔ بہت سے کیسوں میں خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کی سرزش کی گئی، تنخواہ کاٹی گئی یا انہیں معطل کر دیا گیا۔
جمعرات کو فیصلہ سنانے کے موقع پر، سپریم کورٹ نے ٹوکیو ہائی کورٹ کے پچھلے سال سنائے جانے والے فیصلے کو برقرار رکھا اور ترانہ گانے کے جبری نفاذ کو آئینی قرار دینے کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور بچوں کو اس کام کے لیے مجبور کرنے پر پابندی لگانے سے انکار کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ اساتذہ کو ‘کیمی گایو’ گانے پر مجبور کرنا ان کے سوچ کی آزادی کے حق کی خلاف ورزی نہیں کرتا، جو کہ اس پیٹیشن کی بنیاد تھا۔