ٹوکیو: بینک آف جاپان کی طرف سے مالیاتی (زر سے متعلق) پالیسی مزید نرم کرنے کے تعجب خیز اعلان کے بعد منگل کی سہ پہر ایشیائی منڈیوں میں بیشتر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ین کی قیمت کم ہو گئی۔
یورو کے مقابلے میں ین پیر کی شام نیویارک کے ریٹ 102.34 کے مقابلے میں 102.55 تک آ گیا، جبکہ ڈالر کے مقابلے میں بھی یہ 77.58 کے مقابلے میں 77.91 کی سطح پر آگیا۔
مرکزی بینک نے منگل کو اپنے اثاثہ جات خریدنے کے پروگرام کو 10 ٹریلین ین (130 بلین ڈالر) کے اضافے سے 65 ٹریلین ین تک بڑھا دیا۔ بینک یہ سب تفریط زر مٹانے کے لیے کر رہا ہے جس نے کئی برسوں سے معیشت کو مصیبت میں ڈال رکھا ہے۔
مرکزی بینک کی طرف سے مزید مالیاتی نرمی سے معیشت میں رقم کی فراہمی بڑھ جاتی ہے، جس سے کرنسی سستی ہوتی ہے۔
بینک نے ایک بیان میں کہا کہ فی الحال وہ صفر کے قریب سودی شرح اور اثاثہ جات خریدنے کے پروگرام کے ذریعے مالیاتی اثاثے خرید کر طاقتور مالیاتی پالیسی جاری رکھے گا۔